گوگل اور پاکستان سافٹ ویئر ہاؤس ایسوسی ایشن (پاشا) نے ان لاکنگ پاکستان ڈیجیٹل پوٹینشل کے عنوان سے رپورٹ جاری کردی۔
ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے حوالے سے جاری کردہ رپورٹ میں ٹیکنالوجی کے شعبے میں پاکستان کی ترقی سے متعلق معلومات فراہم کی گئی ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2030 تک پاکستان کی اقتصادی ترقی میں 9.7 کھرب روپے کا سالانہ اضافہ کرسکتی ہے جو 2020 میں ملک کی مجموعی پیداوار کے 19 فیصد کے برابر ہے۔
اس رپورٹ کی تشکیل میں الفاء بیٹا کے اکنامسٹس نے تعاون فراہم کیا جن کا کہنا تھا کہ پاکستان انفرااسٹرکچر کی ترقی، آئی ٹی سیکٹر کی برامدات کے لیے سازگار ماحول اور جدید ڈیجیٹل صلاحیتوں کو فروغ دے کر ملک میں ٹیک ایکوسسٹم کو مُستحکم کرسکتا ہے۔صدر مملکت، عارف علوی نے تقریب کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی معیشت میں گوگل پروڈکٹس کے استعمال سے روزگار کے 4 لاکھ 10 ہزار سے زائد مواقع فراہم کئے جاتے ہیں۔
گوگل کے ریجنل ڈائریکٹر فرحان قریشی نے کہا کہ ہم نے حال ہی میں نیشنل رْورل سپورٹ پروگرام (NRSP) کے ساتھ مل کر زیادہ سے زیادہ پاکستانیوں کو آن لائن سیفٹی اسکلز اور ڈیجیٹل خواندگی فراہم کی ہے۔