سال 2020 کی ’ٓآسکر‘ ایوارڈ یافتہ جنوبی کورین فلم ’پیراسائٹ‘ کی اداکارہ 30 سالہ پارک سو ڈیم (Park So Dam) میں کینسر کی تشخیص ہوئی ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے ’سی این این‘ نے اپنی رپورٹ میں اداکارہ کی ترجمان ایجنسی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ پارک سو ڈیم میں گزشتہ ہفتے ’تھائراڈ کینسر‘ کی عام قسم کی تشخیص ہوئی تھی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ جنوبی کورین اداکارہ میں ’تھائراڈ کینسر‘ کی عام قسم (پیپلری) ( papillary) کی تشخیص ہوئی تھی جو دنیا بھر میں 40 سال سے کم عمر افراد کو نشانہ بناتی ہے۔
کینسر کی مذکورہ قسم عام طور پر خواتین میں پائی جاتی ہے اور اس میں مبتلا ہونے والا شخص بیماری سے پانچ سال تک جنگ لڑنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
کینسر کی مذکورہ قسم کا علاج دیگر تھائراڈ کینسر سے قدرے آسان اور کم تکلیف دہ ہوتا ہے، تاہم اس قسم کے کینسر کا شکار ہونے والے ہر 10 میں سے 9 افراد صحت یاب نہ ہوپانے پر بمشکل پانچ سال کی زندگی جی پاتے ہیں۔
اداکارہ کی ترجمان ایجنسی کے مطابق پارک سو ڈیم کی گزشتہ ہفتے سرجری ہوئی تھی اور ان کا علاج جاری ہے۔
ایجنسی نے اداکارہ کے صحت یاب ہونے کی امید کا اظہار کرتے ہوئے ان کے مداحوں سے صحت یابی کے لیے دعاؤں کی درخواست بھی کی۔
پارک سو ڈیم میں ایک ایسے وقت میں کینسر کی تشخیص ہوئی ہے جب کہ جلد ہی ان کی نئی فلم ریلیز ہونے والی ہے اور وہ بیماری کی وجہ سے اپنی فلم ’اسپیشل ڈیلیوری‘ کی تشہیری مہم کا حصہ بھی نہیں۔
پارک سو ڈیم نے کم عمری میں اداکاری کا آغاز کیا تھا اور اب تک وہ متعدد میگا بجٹ جنوبی کورین فلموں میں کام کر چکی ہیں، تاہم انہیں سب سے زیادہ شہرت 2019 کی فلم ’پیراسائٹ‘ سے ملی، جس نے 2020 کا ’آسکر‘ ایوارڈ جیتا تھا۔
پارک سو ڈیم نے ’پیراسائٹ‘ میں غریب گھرانے کی لڑکی کا کردار ادا کیا تھا، جس کا پورا گھرانا منصوبہ بندی کے تحت ایک امیر خاندان کا ملازم بن جاتا ہے۔