تازہ تر ین

یمن میں سعودی فضائی حملے میں خاتون اور بچے سمیت 3 شہری جاں بحق

یمن کے مختلف علاقوں میں سعودی اتحاد کے فضائی حملےمیں ایک خاتون اور بچے سمیت 3 شہری جاں بحق ہوگئےہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یمن میں سعودی اتحاد کے فضائی حملے میں 3 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں جبکہ سعودی عرب میں ایک میزائل حملے میں 2 افراد مارے گئے ہیں جس کا الزام یمن کے حوثی باغیوں پر عائد کیا گیا ہے۔

سعودی عرب کے شہری دفاع نے کہا کہ یمن کی سرحد سے متصل مملکت کے جنوبی علاقے جازان پر میزائل حملے میں دو افراد جاں بحق اور سات زخمی ہوئے ہیں۔  جاں بحق ہونے والوں میں ایک سعودی اور ایک یمنی  شہری شامل ہیں۔

دوسری جانب یمن میں طبی ماہرین نے بتایا کہ حوثی باغیوں کے زیر قبضہ دارالحکومت صنعا کے شمال مغرب میں واقع قصبے عجمہ میں سعودی اتحادی افواج کے فضائی حملوں میں تین افراد جاں بحق اور چھ زخمی ہوئے ہیں۔

طبی ماہرین نے خبر رساں ادارے کو تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ  ایک بچے اور ایک خاتون سمیت تین شہری جاں بحق ہوئے ہیں۔

یمن کے مقامی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ حملے میں متعدد خواتین اور بچوں سمیت کئی افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ریسکیو ٹیمیں عمارت کے ملبے میں پھنسے دیگر متاثرین کی تلاش کر رہی ہیں۔

واضح رہے کہ 2014  سے یمن میں حوثی باغیوں اور حکومت کے درمیان خانہ جنگی  جاری ہے ۔


اہم خبریں
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain