اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہیٰ کی زیرصدارت پنجاب اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں خواتین کے تحفظ کا ترمیمی بل اور پناہ گاہ اتھارٹی بل 2021 کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا۔
چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ اپوزیشن کی جانب سے اچھی تجویز آئی ہے ، پہلے بھی ہم نے متفقہ طور پر قانون سازی کی ہے جو کہ اچھا عمل ہے اب بھی ہم یہی چاہتے ہیں کہ بلدیاتی اداروں کے حوالے سے متفقہ طور پر فیصلہ ہو۔
صوبائی وزیر بلدیات میاں محمود الرشید نے کہا کہ پنجاب کے عوام کی بہتری کے لیے اپوزیشن اگر اس میں حصہ لینا چاہتی ہے تو حکومت ویلکم کرے گی ، موجودہ حکومت جو بلدیاتی نظام لا رہی ہے وہ ماضی کے مقابلے میں بہت بہتر ہوگا ، آئین کے تحت تمام اختیارات بلدیاتی اداروں کے سربراہوں کے پاس ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ تاریخ میں پہلی مرتبہ ہونے جارہا ہے کہ لاہور کے شہری پہلی مرتبہ اپنے مئیر کا انتخاب کریں گے ، لوگوں کے مسائل گراس روٹ لیول تک حل ہوں گے ، جو بھی اس بل کے حوالے سے اس کمیٹی میں شامل ہونا چاہیے وہ آجائیں۔
چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا کہ حکومت کو کوئی اعتراض نہیں یہ اچھی تجویز ہے ، اس کمیٹی میں اپوزیشن نام دے ہم اس کو ایکسٹنڈ کر دیتے ہیں۔
واضح رہے کہ اسپیکر چوہدری پرویز الٰہی نے قائمہ کمیٹی برائے بلدیات میں توسیع کر دی ہے ، بلدیاتی بل پر تمام اسٹیک ہولڈرز کی کمیٹی میں رائے لی جائے گی۔