تازہ تر ین

کوٹ لکھپت جیل نوازشریف کا انتظار کررہی ہے: حسان خاور

لاہور (لیڈی رپورٹر) معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب حسان خاور نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب صوبے میں گورننس بہتر بنانے پر توجہ دے رہے ہیں۔ اس تناظر میں گڈ گورننس کو یقنینی بنانے کیلئے وزیر اعلی نے شعبہ جات کی مانیٹرنگ اور افسران کی کارکرگی جانچنے کا نظام مزید موثر کر دیا ہے۔ عثمان بزدار محکموں کی کارکردگی پر مسلسل نظر رکھنے کیلئے سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے ذریعے اداروں کی بہتری اور ان کے فعال کردار پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں تاکہ عوام کے مسائل کے حل کیلئے شعبہ جات کا کردار بڑھایا جا سکے اور اس ضمن میں کوئی کوتاہی نہ ہو۔ وہ گذشتہ روز الحمرا میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی کی جانب سے اچھا کام نہ کرنے والے افسران کی سرزنش اور بہتر کارکردگی والوں کی حوصلہ افزائی بھی اسی کا تسلسل ہے۔ اس ضمن میں تمام اداروں کے افسران کی کارکرگی روزانہ کی بنیاد پر جانچی اور ان کی رپورٹ مرتب کی جا رہی ہے۔ حسان خاور نے بتایا سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے معائنے کی روشنی میں وزیر اعلی پنجاب نے گذشتہ کچھ عرصہ میں غیرتسلی بخش کارکردگی کے حامل افسران کے خلاف کاروائی کی ہدایت بھی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی نے چیف ایگزیکٹو آفیسرز لاہور پارکنگ کمپنی، پنجاب لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ بورڈ، لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی اور فیصل آباد پارکنگ کمپنی، مینیجنگ ڈائریکٹر پنجاب کھل پنچائت اتھارٹی، ڈائریکٹر جنرل ایگریکلچر مارکیٹنگ ریگولرٹی اتھارٹی، سیکرٹری پنجاب لوکل گورنمنٹ، ایم ڈی پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی، ڈائریکٹر جنرل ڈی جی خان ڈویلپمنٹ اتھارٹی، ڈی جی بہاولپور ڈویلپمنٹ اتھارٹی، چئیرمین ہلال ڈویلپمنٹ ایجنسی اور ڈی جی پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی کارکردگی کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے ان کی سرزنش کی اور پرفارمنس بہتر بنانے کی ہدایت کی ہے۔ دوسری جانب بہتر اور غیر معمولی کارکردگی دکھانے پر چیف ایگزیکٹو آفیسر انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی، ڈی جی ایل ڈی اے، ڈی جی والڈ سٹی اتھارٹی، سی ای او پنجاب ماڈل بازار مینجمنٹ کمپنیپراجیکٹ ڈائریکٹر دی پنجاب سکل ڈویلپمنٹ فنڈ، چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ کمپنی، چیف ایگزیکٹو آفیسر قائد اعظم سولر پاور پرائیویٹ لمیٹڈ اور دیگر محکموں کے افسران کی تعریف اور حوصلہ افزائی بھی کی گئی ہے۔ معاون خصوصی نے مزید کہا کہ عثمان بزدار اس امر پر یقین رکھتے ہیں کہ غیر تسلی بخش کارکردگی پر بازپرس کرنا بہتر گورننس کا تقاضہ ہے۔ نواز شریف کی ممکنہ آمد کے حوالے سے میڈیا کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے حسان خاور نے کہا کہ نواز شریف ورلڈ کپ جیت کر نہیں آ رہے۔ وہ بیماری کی بہانہ بنا کر گئے تھے۔ سسیلین مافیا کا رائیونڈ چیپٹر نواز شریف کی سزائیں معاف کروانے کیلئے بھاگ دوڑ کر رہا ہے لیکن وہ واپس بھی آئیں گے تو قانون کے مطابق ہی ان کو ویلکم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کوٹ لکھپت جیل نواز شریف کا انتظار کر رہی ہے۔ حسان خاور نے کہا کہ تحریک انصاف ہمیشہ شفاف الیکشن کی حامی رہی ہے۔ خیبر پختونخواہ میں بلدیاتی اور پنجاب میں ضمنی انتخابات اس امر کے شاہد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات بروقت ہوں گے۔ اس ضمن میں زور و شور کے ساتھ تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ حسان خاور نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے اپوزیشن کے تمام تحفظات کو مسترد کرتے ہوئے مزید کہا کہ پنجاب کا بلدیاتی نظام ملکی تاریخ کا مضبوط اور مثالی بلدیاتی نطام ہوگا جس میں ہر طبقے کو نمائندگی حاصل ہوگی۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain