افغان خواتین مرد رشتے دارکے بغیر طویل سفر نہیں کرسکتیں، طالبان نے پابندیاں نافذکردیں

افغانستان نے ملک میں خواتین کے سفر سے متعلق سفری ہدایات جاری کردیں۔
غیر ملکی خبر ایجنسی سے گفتگو میں وزارت برائے امر بالمعروف ونہی عن المنکر کے ترجمان صادق عاکف مہاجر نے تصدیق کی کہ 45 میل (72 کلومیٹر) سے زیادہ کا سفرکرنے والی خواتین کے ساتھ قریبی مرد رشتےدار کا ہونا ضروری ہے۔
وزارت کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق پبلک ٹرانسپورٹ میں سفرکرنے والی خواتین کو حجاب کی پابندی بھی کرنی ہوگی، حکم نامے میں افغان عوام کو اپنی گاڑیوں میں موسیقی نہ چلانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
اس سے قبل افغانستان میں کچھ ہفتوں پہلے افغان میڈیا کو خواتین کرداروں والے ڈرامے نہ دکھانے اور ٹی وی پر آنے والی خواتین صحافیوں کو حجاب پہننے کی ہدایت بھی دی جا چکی ہے۔

آسٹریلیا کا پاکستان کا دورہ شیڈول کے مطابق کرنے کا اعلان

آسٹریلین کرکٹ بورڈ نے پاکستان کا دورہ شیڈول کے مطابق کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
دورہ پاکستان سے متعلق بیان دیتے ہوئے کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹیو نک ہاکلے نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کی سکیورٹی ٹیم حال ہی میں تمام صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے پاکستان گئی تھی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ ہر لحاظ سے مکمل رابطے میں ہیں ،اومی کرون کے باعث صورت حال مشکل ہے لیکن پاکستان کا دورہ کرنے کےلیے پُرعزم ہیں۔
واضح رہے کہ آسٹریلیاکی کرکٹ ٹیم آئندہ برس مارچ میں 24 سال بعد پاکستان کا دورہ کرے گی۔

کینیڈین وزیر اعظم کا چین کیخلاف مغربی ممالک کے مشترکہ محاذ کے قیام کا مطالبہ

کینیڈین وزیر اعظم نے چین کے خلاف مغربی ممالک کے مشترکہ محاذ کے قیام کا مطالبہ کردیا ہے۔
کینیڈین چینل کو انٹرویو میں وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کا کہنا تھا کہ کیپٹلسٹ معیشت ہونے کے ناطے دوست ممالک میں مسابقت ضرور ہے،بیجنگ کو مغربی ممالک کی داخلی کشیدگی سے معاشی فائدہ اٹھانے سے روکنا ہوگا ۔
جسٹن ٹروڈو کے بیان پر کینیڈا میں موجودچینی سفارتخانے نے ردعمل دیا کہ سرد جنگ کی ذہنیت کے حامل ممالک دیگر ملکوں کے داخلی معاملات میں مداخلت کرر ہے ہیں ، کینیڈا خود انسانی حقوق کا علمبردار بننے کا اہل نہیں ہے۔

بلاول بھٹو نے اپنے بچپن کی یادگار تصویر شیئر کر دی

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے بچپن کی ایک یادگار تصویر شیئر کی ہے۔
بچپن زندگی کا وہ خوشگوار دور ہوتا ہے جو ساری زندگی پر ایک گہری چھاپ چھوڑ جاتا ہے، ناصرف شوبز ستارے بلکہ سیاستدان بھی اپنے بچپن کی یادیں سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر اکثر شیئر کرتے رہتے ہیں۔گزشتہ روز چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی اپنے بچپن کی ایک تصویر شیئر کی جس پر صارفین کی بڑی تعداد نے تبصرے کیے اور اسے بے حد پسند کیا۔
بلاول بھٹو نے تصویر کو بغیر کیپشن ہی پوسٹ کیا جس پر بلاول کے چاہنے والے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کر ر ہے ہیں اور انہیں لمبی زندگی کی دعائیں بھی دے رہے ہیں۔

جیکی کے والد نے اکشے سے میری شادی کی پیشگوئی کی تھی: ٹوئنکل کا انکشاف

بالی وڈ اداکار اکشے کمار کی اہلیہ اداکارہ ٹوئنکل کھنہ نے انکشاف کیا ہے کہ شادی سے قبل ہی نجومی نے پیشگوئی کر دی تھی کہ میری شادی بالی وڈ کے مسٹر کھلاڑی سے ہو گی۔
حال ہی میں اداکار جیکی شروف ٹوئنکل کھنہ کے ویب شو میں مہمان بنے جہاں انہوں نے اپنی ذاتی زندگی کے حوالے سے بات چیت کی۔
انٹرویو کے دوران ٹوئنکل کھنہ نے بتایا کہ وہ علمِ نجوم پر بالکل یقین نہیں کرتی تھیں اور دوسرے لوگوں کی طرح اسے ایک مذاق ہی سمجھتی تھیں لیکن ان سے متعلق دو پیشگوئیاں ایسی کی گئیں جو حیران کن طور پر سچ ثابت ہوئیں۔ٹوئنکل نے بتایا کہ جیکی شروف کے والد ‘کاکوبھائی شروف’ ایک نجومی تھے جو کہ میرے والد راجیش کھنہ کے بہت اچھے دوست تھے، انہوں نے ایک بار کہا تھا کہ ٹوئنکل کی شادی اکشے کمار سے ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ جب گھر آکر میرے والد نے اس بات کا تذکرہ کیا تو میں نے فوری طور پر حیران ہوتے ہوئے سوال کیا کہ کون اکشے کمار کیونکہ اس وقت میں نہیں جانتی تھی کہ اکشے کمار کون ہیں۔
ٹوئنکل کھنہ نے مزید کہا کہ جیکی شروف کے والد نے یہ بھی پیشگوئی کی تھی کی میں ایک رائٹر بنوں گی جو درست ثابت ہوئی۔

تیندوے کا گھر میں گھس کر حملہ، جانور کو اٹھا کر لے گیا

گھروں میں بلی سانپ کے گھس آنے کے واقعات تو معمول کی بات ہے لیکن بھارت میں اپنی نوعیت کا ایک عجیب و غریب واقعہ پیش آیا جس میں ایک تیندوے نے گھر میں گھس کر کتے پر حملہ کر دیا۔
تیندوے کی گھر میں گھس آنے کی ویڈیو کو بھارتی محکمہ جنگلات کے افسر کی جانب سے شیئر کیا گیا ہے جس میں جنگلی جانور کو گھر کے دروازے پر نوکیلے جنگلوں سے پھلانگ کر اندر جاتے دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو میں بعد ازاں تیندوے کو اسی نوکیلے جنگلوں سے گھر میں موجود پالتو کتے کو دانتوں میں دبوچے لے جاتے بھی دیکھا گیا۔
بھارتی افسر نے اپنے ٹوئٹ میں بتایا کہ کچھ لوگوں کے لیے یہ غیر معمولی واقعہ ہے لیکن بھارت کے پہاڑی علاقوں سمیت کئی علاقوں میں تیندوے کتوں کا شکار کرتے ہیں جس کے پیش نظر مقامی لوگ کتوں کے گلے میں آئرن کالر پہنا دیتے ہیں۔

ہوشیار! فراڈیوں نے شہریوں کو لوٹنے کا انوکھا طریقہ اپنا لیا

پنجاب کے مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے فراڈیے شہریوں کو لوٹنے کے نت نئے طریقے اپناتے رہتے ہیں۔
احساس پروگرام، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام، جیتو پاکستان میں انعامات اور نقد رقم کے فراڈسمیت بہت سے دیگر فراڈ کے ذریعے شہریوں سے کروڑوں روپے اینٹھے جاتے ہیں لیکن اب فراڈیوں نے معصوم افراد کو چونا لگانے کا ایک نیا اور انوکھا طریقہ بھی ڈھونڈ لیا ہے۔
شہریوں کو لوٹنے کا نیا طریقہ کیا ہے؟
نئے فراڈ کے ذریعے شکار کے فون پر کال کی جاتی ہے کہ آپ کا بیٹا اپنے دوست کے ساتھ ایک لڑکی کو ہراساں کرنے کے الزام میں پکڑا گیا ہے، آپ کے بیٹے کے دوست کے خلاف تو ایف آئی آر کاٹ دی گئی ہے، میں سب انسپکٹر فلاں بات کر رہا ہوں، آپ کے بیٹے نے بتایا ہے کہ آپ شریف آدمی ہیں اس لیے میں آپ کو فیور دینا چاہتا ہوں۔
فراڈیا شکار سے بیٹے کی جعلی آواز میں 5 سیکنڈ کی بات کرواتا ہے اور بیٹے کی آواز کچھ یوں ہوتی ہے ”ابو پلیز مجھے چھڑوا لیں“ جس وقت یہ بات ہو رہی ہوتی ہے، اس وقت بات چیت کے دوران وائرلیس پر بات چیت کا شور چل رہا ہوتا ہے تاکہ شکار کو یہ یقین ہو جائے کہ واقعی پولیس اسٹیشن سے ہی بات کی جا رہی ہے۔ جنگ“ کو موصول ہونے والی آڈیو کلپ میں جعلی پولیس والا شکار کو فیور کرنے کے لیے 35ہزار روپے جاز اکاؤنٹ میں ڈلوانے کا کہتا ہے۔
شکار کہتا ہے کہ اس کا جاز اکاؤنٹ نہیں ہے تو فراڈیا کہتا ہے تو پھر جلدی سے موبائل فون میں ڈلوا دیں، پہلے وہ اپنا نمبر دینے کا کہتا ہے مگر پھر ایک اور ”ماتحت“ کا نمبر دینے کا کہتا ہے مگر شکار کو شاید شک ہو جاتا ہے اور فون کاٹ کر تھوڑی دیر بعد خود دوبارہ ”اہلکار“ کو فون کرتا ہے جس پر فراڈیا ناراض ہوتا ہے کہ لائن کیوں کاٹی۔
شکار سگنل پرابلم کا بہانہ بنا کر کہتا ہے کہ میرا بیٹا تو یونیورسٹی میں ہے اور میری اس سے بات ہوگئی ہے جس پر فراڈیا چند لمحوں کے لیے خاموش ہو جاتا ہے کہ تمہارا بھانجا ہو سکتا ہے۔
شکار کے انکار پر وہ کہتا ہے کہ بھانجا نہیں تو بھتیجا، پھر انکار پر آخر میں کہتا ہے کہ تمہارا بھائی اور شکار کی طرف سے پھر انکار پر فراڈیا فون کاٹ دیتا ہے۔

دنیا انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر بھارت کا فوری محاسبہ کرے، پاکستان

پاکستان نے کہا ہے کہ عالمی برادری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر بھارت کا فوری محاسبہ کرے۔
دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قابض فورسز کے ہاتھوں کشمیریوں کا قتل عام جاری ہے، بھارتی قابض فورسز نے جعلی مقابلوں میں مزید 6 کشمیری نوجوان شہید کر دیے، آج صبح 19 سالہ طالبعلم کو ضلع اسلام آباد میں شہید کیا گیا، اور رواں ماہ دسمبر میں بھارتی قابض فوجیوں کے ہاتھوں 18 معصوم کشمیری شہید کیے گئے۔
دفترخارجہ نے کہا ہے کہ بھارتی قابض فوج نے مقبوضہ خطے میں اپنا جبر مزید تیز کر دیا ہے، مقبوضہ جموں و کشمیر میں عام شہریوں کی گرفتاریاں، رات گئے چھاپے مارے جاتے ہیں، کشمیریوں کی تذلیل، انہیں حراساں کرنے کا سلسلہ بھی تیز ہو چکا ہے، کشمیریوں کے ماورائے عدالت، جعلی مقابلوں اور تلاش آپریشنز میں قتل میں تشویشناک اضافہ ہوا، شہداء کی میتیں لواحقین کی مرضی کے بغیر نامعلوم قبروں میں سپرد خاک کی جا رہی ہیں، شہداء کے جسد خاکی نامعلوم قبروں میں دفنانے کا سلسلہ اپریل سے جاری ہے۔
پاکستان نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں ماورائے عدالت قتل عام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی حکومتی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کا رویہ راشٹریہ سوایم سیوک سنگھ کے ذہنی دیوالیہ پن کا عکاس ہے، بھارتی مظالم، طاقت کا استعمال غیور کشمیریوں کو مرعوب نہیں کر سکتے، کشمیری پوری بہادری سے بھارتی ریاستی دہشتگردی، جبر کا مقابلہ کر رہے ہیں، کشمیری اقوام متحدہ سلامتی کونسل قراردادوں کے تحت حق خودارادیت کی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔ پاکستان نے مطالبہ کیا ہے کہ عالمی برادری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر بھارت کا فوری محاسبہ کرے۔

لاہور کے گریٹر اقبال پارک میں خاتون کو ہراساں کرنے والا ایک اور اوباش گرفتار

پولیس نے گریٹر اقبال پارک میں خاتون کو ہراساں کرنے والا اوباش گرفتار کرلیا۔
نجی نیوزنیوز کے مطابق لاہور کے گریٹر اقبال پارک میں خاتون کو ہراساں کرنے کا ایک اور واقعہ پیش آیا ہے، جہاں ایک اوباش نوجوان نے لڑکی کو اپنا نمبر دینے کے لئے پرچی پھینکی جب کہ منع کرنے پر ہراساں کرنے کی بھی کوشش کی۔
پولیس کے مطابق لاری اڈہ پولیس نے لڑکی کی درخواست پر ایک نوجوان کو گرفتار کرلیا ہے، جس کی شناخت اسامہ کے نام سے ہوئی ہے۔ لڑکی کا بیان ہے کہ ملزم نے رکشہ میں بیٹھی لڑکی سے چھیڑ خانی کی، اور منع کرنے پر ملزم نے ہراساں کرنا شروع کر دیا، جب کہ ملزم نے موبائل نمبر والی پرچی بھی لڑکی کی طرف پھینکی، لاری اڈہ پولیس نے کاروائی کرتے ملزم اسامہ کو گرفتار کر لیا ہے اور اس کے خلاف کارروائی شروع کردی گئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ اتوار کو بھی گریٹراقبال پارک میں لیڈی پولیس اہلکار کو ہراساں کرنے کا واقعہ پیش آیا ہے، جہاں سیکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات آسیہ نامی لیڈی پولیس اہلکار کو دو لڑکوں نے ہراساں کیا، تاہم پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ جب کہ اس سے قبل اسی پارک میں ٹک ٹاکر عائشہ اکرم سے بدتمیزی اور ہراساں کرنے کا واقعہ بھی پیش آچکا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے4 سالہ بچی کی میت کے پوسٹ مارٹم میں تاخیرکا نوٹس لےلیا

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بچی حرمین کی میت کا 12گھنٹےتک پوسٹ مارٹم نہ ہونےکا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ نور محمد شاہ کو انکوائری افسر مقرر کر دیا۔
وزیراعلیٰ سندھ کے علاوہ اس معاملے پر پولیس سرجن سندھ نے بھی جناح اسپتال کے ایڈیشنل پولیس سرجن سے وضاحت طلب کرلی ہے۔
پولیس سرجن سندھ نے وضاحت طلب کی ہےکہ لیڈی ایم ایل او تعینات ہونے کے باوجود بچی کا 12گھنٹے تک پوسٹ مارٹم کیوں نہیں ہوا؟۔
خیال رہے کہ 4سال کی بچی حرمین ممتازبدھ کی رات گولی لگنےسے زخمی ہوئی تھی، بچی کارات 11 بجے جناح اسپتال کراچی کی ایمرجنسی میں انتقال ہوا تھا۔
رات میں لیڈی ایم ایل او نہ ہونے پربچی کا 12گھنٹے تک پوسٹ مارٹم نہیں ہوسکا تھا۔