نیب نے صوبائی وزیر کے پی تیمور جھگڑا کے پی اے کیخلاف تحقیقات شروع کردی

قومی احتساب بیورو ( نیب) نے صوبائی وزیر تیمور سلیم جھگڑا کے پرسنل اسسٹنٹ (پی اے) کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا۔
نیب کی جانب سے جاری بیان کے مطابق تیمور سلیم جھگڑا کے پی اے ارسلان انجم کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کی مد میں تحقیقات جاری ہیں جس کے لیے سیکرٹری فنانس سے ارسلان انجم سے متعلق تمام ریکارڈ طلب کر لیے ہیں۔
نیب نے سیکرٹری فنانس کو ارسلان انجم کی دوران ملازمت حاصل کردہ دیگر مراعات کی مکمل تفصیلات بھی جمع کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔
دوسری جانب نیب نے ارسلان انجم کے پی اے کے محکمے میں جمع کرائےگئےگوشوارے کی تفصیلات بھی مانگ لی ہے۔

نئی ریفائنری پالیسی کو حتمی شکل دی جارہی ہے:حماد اظہر

وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا ہے کہ ریفائنریز کو فرنس آئل کی پیداوار سے شفٹ کرنے کے لئے نئی ریفائنری پالیسی کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا کہ موسم گرما میں فرنس آئل کی قلت کا سامنا کرنا پڑا ،ڈیموں میں کم پانی کے باعث فرنس آئل والے پلانٹس زیادہ چلائے گئے ،موسم گرما میں گزشتہ سال کی نسبت فرنس آئل کی کھپت 116 فیصد زیادہ رہی جبکہ موسم سرما کےلئے دو لاکھ ٹن فرنس آئل درآمد کیا گیا ۔
حماد اظہر کا کہنا تھا کہ نومبراور دسمبر میں ایل این جی کارگوز آنے سے فرنس آئل پلانٹس نہیں چلائے گئے ،نہروں کی بندش کے باعث فرنس آئل والے پلانٹس چلائے جارہے ہیں ،آئندہ چند روز میں فرنس آئل کی کھپت تیرہ ہزار میٹرک ٹن یومیہ ہوجائے گی ۔
انہوں نے مزید کہا کہ مقامی ریفائنریاں اس مقدار کا آدھا فرنس آئل پیدا کررہی ہیں ،آئی پی پیز کے پاس فرنس آئل کا سٹاک ضرورت کے مقابلے میں کم ہے ،ایل این جی کارگو ڈیفالٹ کرنے سے ملک میں فرنس آئل کا سٹاک موجود ہے ،فرنس آئل کی یومیہ کھپت 6 ہزار میٹرک ہے

نوازشریف ابھی آئے نہیں ،حکومت پہلے ہی بوکھلا گئی ہے: رانا ثناء اللہ

پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ نوازشریف ابھی آئے نہیں اورحکومت پہلے ہی بوکھلا گئی ہے، لیگی قائد کی واپسی کا خوف انہیں سونے نہیں دے رہا، جو کرنا ہے کرلیں، اب تو جانا ہی پڑے گا اور عوام جن کا پتہ کاٹ چکے وہ اپنے ٹکٹ کی فکر کریں۔
وزیر داخلہ شیخ رشید کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ نے کہا کہ آپ نے جو کرنا ہے کریں ، جو کہنا ہے کہیں جانا تو پڑے گا، نالائقی ، نااہلی اور کرپشن کا سونامی لانے والوں کی چیخیں نکل رہی ہیں ۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ نیازی سمیت ہر وزیر اور ترجمان کا بیان اور پریس کانفرنس صرف نواز شریف، شہباز شریف تک محدود ہے،اس وقت پی ٹی آئی بطور جماعت قانوناً ختم ہو چکی ہے ، پوری قوم نواز شریف کا استقبال کرنے کے لئے چشم براہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جن کا اپنا ٹکٹ عوام کاٹ چکے ہیں، وہ اپنے ٹکٹ کی فکر کریں ،نوازشریف اور شہباز شریف کے خلاف بس الزام ہی ہیں، ثبوت کوئی نہیں ،جب نواز شریف وزیراعظم بیں گے تو عمران نیازی ، شیخ رشید اور کرائے کے ترجمانوں کو چھپنے کی جگہ بھی نہیں ملے گی۔

وجیہہ سواتی کا پوسٹمارٹم مکمل، ملزم وی آئی پی پروٹوکول میں عدالت پیش

پاکستانی نژاد امریکی خاتون وجیہہ سواتی کی لاش پوسٹ مارٹم مکمل ہونے پر سرد خانے منتقل کردی گئی،گرفتار ملزم، والد اور ملازم کو وی آئی پی پروٹوکول میں راولپنڈی کے علاقہ مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کر دیا گیا۔ پروٹوکول کی فوٹیج بنانے پر مقامی صحافی کو پولیس نے تشدد کا نشانہ بنایا۔
امریکی شہری خاتون وجیہہ سواتی کی دو ماہ پرانی تعفن زدہ لاش لکی مروت سے راولپنڈی پہنچنے پر ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ڈاکٹروں نے پوسٹمارٹم مکمل کر لیا۔ لاش سے فرانزک ٹیسٹ کے نمونے بھی حاصل کر کے لاہور بجھوا دیئے گئے۔ لاش کو گزشتہ شب سخت سیکورٹی میں لکی مروت کے علاقہ پیزو سے راولپنڈی منتقل کیا گیا۔
چار روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر پولیس نے ملزم رضوان حبیب،والد اور ملازم کو وی آئی پی پروٹوکول میں ڈیوٹی مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا۔ وی آئی پی پروٹوکول کی فوٹیج بنانے پر ڈی ایس پی سول لائنز کے کہنے پر پولیس اہلکاروں نے مقامی صحافی افتخار خٹک پر تشدد کیا، گالیاں دیں، موبائل فونز چھین کرملزمان سمیت ذاتی ویڈیوز ڈیلیٹ کر دیں، صحافی کو تھانہ سول لائنز لے جا کر تشدد کا نشانہ اور ایف آئی آر درج کرنے کی دھمکیاں بھی دیں۔
امریکی شہری وجیہہ سواتی کو سولہ اکتوبر کو پاکستان پہنچنے پر خاوند رضوان حبیب نے اغواء کرکے والد اور ملازم کی معاونت سے چھری کے وار سے قتل کر دیا تھا جس کی لاش راولپنڈی سے لکی مروت لے جا کر پیزو کے علاقہ میں تدفین کر دی گئی تھی، پولیس کی غفلت،لاپرواہی اور ناقص تفتیش کے باعث ملزم دو ماہ تک گرفتار نہ ہو سکا،بعد ازاں امریکی سفارت خانے کے دباؤ پر ملزم کو گرفتار کیا گیا تھا۔

ٹریفک جام، عاطف اسلم پھنس گئے، بائیک پر کنسرٹ آمد

گلوکار عاطف اسلم کراچی میں ٹریفک جام میں پھنس گئے، انہیں بائیک پر سوار ہو کر کنسرٹ میں پہنچنا پڑا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق عاطف اسلم جب گذشتہ رات کنسرٹ کیلئے نکلے تو ٹریفک جام دیکھ کر آو دیکھا نہ تاو موٹر سائیکل پر سوار ہوئے اور ٹھنڈی ہوا کو انجوائے کرتے ہوئے کنسرٹ کے مقام تک پہنچ گئے۔ گلوکار کو بائیک پر آتا دیکھ کر ان کے مداح خوش ہو گئے اور عاطف عاطف کے نعرے لگائے۔ عاطف نے بھی مداحو ں کو مایوس نہیں کیا اور اپنی پرفارمنس سے ان کے دل جیت لئے۔ پرفارمنس کے دوران عاطف نے اپنے مشہور گانوں سے شائقین کو خوب محظوظ کیا۔

وزیر اعظم نے نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کا اجلاس کل طلب کرلیا

وزیر اعظم عمران خان نے نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کا اجلاس کل طلب کرلیا ہے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں افغان صورت حال اور قومی سلامتی کے دیگر معاملات زیر غور آئیں گے۔

قومی سلامتی کمیٹی کو تازہ ترین صورت حال پر بریفنگ دی جائے گی۔

اجلاس میں عسکری حکام اور سینیر وزراء شریک ہوں گے جبکہ وزیر داخلہ شیخ رشید  وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور معید یوسف شرکت کریں گے۔

خوشبوؤں کی شاعرہ پروین شاکر کی 27ویں برسی

محبت اور خوشبوؤں کے رنگ بکھیرنے والی معروف شاعرہ پروین شاکر کی آج 27ویں برسی منائی جا رہی ہے۔ انسانی جذبات و احساسات کو لفظوں میں پرونے والی شاعرہ آج بھی اہل ذوق کے دلوں میں زندہ ہے۔ 24 نومبر 1954ء کو پاکستان کے شہر کراچی میں پیدا ہونے والی اس شاعرہ کے خاندان میں کئی نامور شعرا اور ادیب پیدا ہوئے۔ پروین شاکر کے والد کا نام سید شاکر حسن تھا، آپ کے نانا حسن عسکری نے انہیں ادبی دنیا میں روشناس کرانے میں اہم کردار ادا کیا۔ پروین شاکر تعلیمی دور سے ہی اردو مباحثوں اور مختلف علمی ادبی پروگراموں میں شرکت کرتی رہیں، تعلیم مکمل کرنے کے بعد نو برس شعبہ تدریس سے منسلک رہیں۔ شاعری کی دنیا میں انہیں احمد ندیم قاسم جیسے ادیب کی سرپرستی حاصل رہی، پروین شاکر کی معروف کتابوں میں خوشبو، صد برگ، خود کلامی، انکار اور ماہ تمام شامل ہیں۔ اپنی شاعری سے ادبی دنیا میں نام بنانے والی شاعرہ 26 دسمبر 1994 میں اسلام آباد میں ایک ٹریفک حادثے میں انتقال کر گئیں۔

مقناطیسی میدان میں تبدیلی سونامی سے قبل از وقت خبردار کرسکتی ہے

ٹوکیو: اگرچہ ہمیں ایک یا دومنٹ کا وقفہ مل سکتا ہے لیکن سمندری زلزلے سے پیدا ہونے والی سونامی سے تھوڑی دیر قبل زمینی مقناطیسی میدان میں تبدیلیاں پیدا ہوتی ہیں۔ یوں ان تبدیلیوں کو نوٹ کرکے ہم سونامی کی پیش گوئی کرسکتے ہیں۔

سائنسدانوں کے مطابق ایک یا دو منٹ کا وقفہ بھی انسانی جانوں کو بچاسکتا ہے۔ اس کی بنا پر سونامی الرٹ اور وارننگ سسٹم کو بہتربنایا جاسکتا ہے۔ اگرچہ ماہرین یہ بات عرصے سے جانتے تھے لیکن سطح سمندر کی بلندی کے لحاظ سے مقناطیسی میدان میں کمی کا پہلی مرتبہ جائزہ لیا گیا ہے۔

ان کے مطابق نظری ڈیٹا، کمپیوٹر سیمولیشن اور حقیقی دنیا کے شواہد ایک ہی بات کو واضح کرتے ہیں۔ اس ضمن میں انہوں نے 2009ء میں ساموا کے علاقے کی سونامی اور 2010ء میں چلی کی سونامی کا گہرائی سے تجزیہ کیا ہے۔ خلاصہ یہ ہے کہ پانی کی بلند لہروں سے قبل ہی مقناطیسی امواج میں تبدیلی رونما ہوتی ہے جو سطح سمندر کے بلند ہوتے ہیں نمودار ہوتی ہے۔

تاہم اس کا انحصار زلزلے کے مرکز (ایپی سینٹر) کی گہرائی پر ہوتا ہے۔ تین میل (4800 فٹ) گہرائی سے ایک منٹ کا وقفہ مل سکتا ہے۔ اس تبدیلی سے اگر لہروں کی بلندی چند سینٹی میٹر بھی بڑھتی ہے تو مقناطیسی میدان میں اس کی خبرمل جاتی ہے۔

اگر سمندری فرش پر زلزلے کی جگہ کی برقی کیفیات اور درست گہرائی معلوم ہوجائے تو اس سے پیشگوئی کو مزید بہتر بنایا جاسکتا ہے۔ لیکن واضح رہے کہ زلزلے کا مرکز ساحلی آباد کے شور سے جتنا دور ہوگا، اتنا ہی اچھا ڈیٹا حاصل ہوسکے گا۔

طالبان نے افغانستان کا الیکشن کمیشن ختم کردیا

طالبان حکومت نے افغانستان کا الیکشن کمیشن  ختم کردیا۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق افغان حکومت کے نائب ترجمان بلال کریمی نے انڈیپنڈنٹ الیکشن کمیشن آف افغانستان کو ختم کرنے کی تصدیق کی اورکہاکہ افغان الیکشن کمیشن کی ابھی کوئی ضرورت نہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ ضرورت پڑی تو الیکشن کمیشن دوبارہ بنا لیں گے۔

طالبان کی جانب سے تحلیل انڈیپنڈنٹ الیکشن کمیشن آف افغانستان کے سربراہ اورنگزیب نے کہا کہ طالبان نے الیکشن کمیشن ختم کرنے میں جلد بازی سے کام لیا ہے، اس اقدام کے سنگین نتائج ہوں گے۔

ان کا کہنا تھاکہ افغانستان میں انتخابات کے انعقاد کیلئے آزاد الیکشن کمیشن اورآزاد الیکٹورل کمپلینٹ کمیشن کام کرتا تھا۔

شدید دھند، لاہور ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن معطل

شدید دھند کے باعث لاہور ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن معطل ہوگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق موسم کی خرابی اور شدید ترین دھند کی وجہ سے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن معطل ہونے سے 20 سے زائد پروازیں متاثر ہوگئی ہے۔سول ایوی ایشن حکام کا کہنا ہے کہ کچھ پروازوں کو اسلام آباد اور کراچی بھجوا دیا گیا ہے جبکہ موسم اور دھند ختم ہونے پر پروازوں کی بحالی کا کام شروع کر دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ   لاہور ایئرپورٹ  پر حد نگاہ سو کے قریب ہوگئی ہے۔اسموگ،  فوگ یعنی دھند اوراسموگ یعنی دھویں سے ماخوذ ایک اصطلاح ہے۔ یہ ایک فضائی آلودگی ہے، جو انسان کی دیکھنے کی صلاحیت کو کم کردیتی ہے۔ماہرین کے مطابق موسم گرما جانے کے ساتھ ہی جب دھند بنتی ہے تو یہ فضا میں پہلے سے موجود آلودگی کے ساتھ مل کر اسموگ بنا دیتی ہے۔اس دھویں میں کاربن مونو آکسائیڈ، نائٹروجن آکسائیڈ، میتھین اور کاربن ڈائی آکسائیڈ جیسے زہریلے مواد شامل ہوتے ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے جب ہوا نہیں چلتی اور درجہ حرارت میں کمی یا دیگر موسمی تبدیلی واقع ہوتی ہے توآلودگی فضاء میں اوپرنہیں جاتی بلکہ زمین کے قریب ہی ایک تہہ بن جاتی ہے اور  ان وجوہات کے نتیجے میں یہ غیر معمولی آلودگی کئی کئی دن تک شہرمیں برقرار رہ سکتی ہے۔دسمبر1952ء میں لندن میں فضائی آلودگی کی لہر کو’گریٹ اسموگ‘ کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔ لندن میں آلودہ دھند کی وجہ سے12ہزار سے زائد افراد اپنی زندگی کی بازی ہار گئے تھے۔