نواز شریف کی واپسی کی خبروں سے حکومت کی نیند اڑ گئی: احسن اقبال

مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی واپسی کی خبریں آ رہی ہیں تو حکومت کی نیندیں اڑی ہوئی ہیں۔
تقریب سے خطاب میں مسلم لیگ ن کے سینئیر رہنما نے کہا کہ پاکستان بڑے بحرانوں میں گھرا ہوا ہے اور اگر تحریک پاکستان کی بنیاد ذاتی مفاد پر ہوتی تو پاکستان نہ بنتا لیکن ہزاروں کارکنوں نے لالچ سے پاک ہو کر پاکستان کے لیے قربانی دی۔
انہوں نے ملک کی سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ حزب اختلاف کے حکومت کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں اور الیکشن کمیشن بلدیاتی و عام انتخابات میں اہم کردار ادا کرے گا۔ حکومت مذاکرات جلد مکمل کرے تاکہ اتفاق رائے سے تعیناتیاں ہوں اور حزب اختلاف کسی قسم کا ڈیڈلاک پیدا نہیں کرے گی۔ شہباز شریف سے وزیر اعظم کی بات نہ ہونے کے باعث عہدے خالی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا اور پنجاب کے الیکشن کمیشن کے عہدے خالی ہیں اور آنے والے دنوں میں حکومت کے اتحادی بھی چھوڑ کر جا رہے ہیں۔
احسن اقبال نے کہا کہ محفوظ و خوشحال ملک بنانا چاہتے ہیں تو لیگی کارکنوں کو جدوجہد کو اپنانا ہو گا اور تصویروں کی سیاست سے پاکستان نہیں بن سکتا بلکہ ڈسپلن سے بنے گا۔ اس لیے ن لیگی کارکن ڈسپلن توڑنے کی روش ترک کریں۔
نواز شریف کی وطن واپسی سے متعلق بات کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ جب نواز شریف کو معالجین کہیں تو وہ ایک دن ضائع کیے بغیر وطن واپس آئیں گے اور اب جب نواز شریف کی واپسی کی خبریں آ رہی ہیں تو حکومت کی نیندیں اڑی ہوئی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک معاشی طور پر تباہ ہوا ہے اور اگر نئے ٹیکس لگ گئے تو عوام زندہ درگور ہو جائیں گے۔ ملک کو بچانا ہے تو نالائق و ناکام حکومت کو گھر بھیجنا ہو گا۔

امریکی سائنسدانوں نے چاند کے لیے اڑن طشتری کا ڈیزائن پیش کردیا

اگرچہ اڑن طشتریوں اور خلائی مخلوق کا باہمی تعلق ہوتا ہے لیکن اب میسا چیوسیٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (ایم آئی ٹی) کے سائنسدانوں نے چاند کی تسخیر و تحقیق کے لیے ایک اڑن طشتری کا تصور پیش کیا ہے۔
یہ اڑن طشتری کسی سائنس فکشن فلموں کی طرح برقِ سکونی دھکیل قوت (الیکٹرواسٹیٹک ریپلشن) کے تحت چند پر کسی سائے کی طرح منڈلاتی رہے گی۔ بہت ہموار انداز میں یہ وہاں تحقیق کرسکے گی۔ وجہ یہ ہے کہ چاند پر کوئی حفاظتی فضا موجود نہیں اور اسی لیے وہاں سورج کا پلازمہ اور بالائے بنفشی (الٹرا وائلٹ) شعاعیں بوچھاڑ کی شکل میں گرتی رہتی ہیں۔
اس طرح چاند کی سطح پر مثبت چارج ہوتا ہے جو ایک ہلکی پھلکی اڑن طشتری کو ایک میٹر تک بلند کرسکتا ہے۔ عین اسی طرح ہم پلاسٹک کے ٹھوس ٹکڑے سے کاغذ کشش کرتے ہیں اور ہمارے بال بھی کھڑے ہوجاتے ہیں۔
اس طرح اڑن طشتری کسی گلائیڈر کی طرح اڑتی رہتی ہے۔ خیال ہے کہ اگر اڑن طشتری کے نیچے مائلر نامی مٹیریئل لگایا جائے تو اس پر مثبت چارج جمع ہوگا۔ اس طرح چاند کی سطح اور خود اڑن طشتری کی نچلی سطح کے مثبت چارج ایک دوسرے کو دفع کریں گے اور یہ ہوا میں معلق رہے گی۔
اب بھی خیال ہے کہ چاند کی ثقل اسے دوبارہ نیچے گراسکتی ہے جسے دور کرنے کے لیے اڑن طشتری کے اندر ہی مثبت چارج خارج کرنے والا ایک نظام بھی لگایا جائے جو اسے اٹھا سکے گا۔ اس کے لیے خاص تھرسٹر اور نوزل لگائے جائیں گے۔
اس کی افادیت کے لیے ایک ہتھیلی نما ماڈل آزمایا گیا جس کا وزن 60 گرام تھا۔ اسے ایک ویکیوم چیمبر میں لٹکایا گیا جہاں چاند جیسا ماحول پیدا کیا گیا تھا ۔ اس ماحول میں ماڈل ہوا میں معلق رہا جو اس ڈیزائن کے قابلِ عمل ہونے کو ظاہر کرتا ہے۔

قرآنِ پاک اور صحیح بخاری کا پہلی بار کوریائی زبان میں ترجمہ مکمل

تاریخ میں پہلی بار قرآنِ پاک کو کوریائی زبان میں ترجمہ مکمل کیا جاچکا ہے، جس کا سہرا ڈاکٹر حامد چوئی یونگ کِل کے سر جاتا ہے۔ جو دنیا کے پہلے کورین مسلمان ہیں جنہوں نے یہ کارنامہ انجام دیا۔

ترک خبر رساں ادارے کے مطابق کوریائی زبان میں قرآن مجید کا ترجمہ سات برس میں مکمل کیا گیا، ڈاکٹر حامد یونگ کی انتھک محنت کے سبب اب بالآخر کوریائی مسلمان اپنی مادری زبان میں قرآن پاک کو سمجھ کر پڑھ سکیں گے۔

ڈاکٹر یونگ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ یہ بہت ضروری تھا کہ کوریا میں رہنے والے غیر مسلم افراد اور مسلمان با آسانی اسلامی تعلیمات سیکھیں۔

ڈاکٹر چوئی مدینہ کی اسلامک یونیورسٹی سے تعلیم یافتہ ہیں، آپ مترجم ہونے کے ساتھ جنوبی کوریا کی ایک یونیورسٹی میں اسلامک اسٹڈیز اور عربی کے لیکچرار بھی ہیں۔

ڈاکٹر حامد یانگ نے قرآن پاک کے ساتھ ساتھ صحیح بخاری کا بھی کوریائی زبان میں ترجمہ جاری کیا ہے۔

کورین مسلم فیڈریشن کا کہنا ہے کہ جنوبی کوریا میں مسلمانوں کی تعداد رفتہ رفتہ بڑھ رہی ہے، حالانکہ جنوبی کوریا میں مسلمان اقلیت میں ہیں لیکن پچھلی دہائی میں ان کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہوا ہے۔

کورین مسلم فیڈریشن کے مطابق اس وقت جنوبی کوریا میں 2 لاکھ مسلمان ہیں جو کہ کُل آبادی کا صرف 0.38 فیصد ہیں۔

مذکورہ ادارے کا کہنا ہے کہ ان میں سے زیادہ تر مسلمان وہ طالب علم اور ملازمین ہیں جو ترکی، پاکستان اور ازبکستان سے آئے اور اب جنوبی کوریا کی شہریت اختیار کر چکے ہیں۔

سی اے اے انتخابات ، آصف رسول پاکستان ایئر ٹریفک کنٹرولرز گلڈ کے صدر منتخب

پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے ایئرٹریفک کنٹرولرز گلڈ کے چھٹے جنرل باڈی انتخابات ہوئے جس میں آصف رسول 211 ووٹ لیکر صدر منتخب ہو گئے ہیں۔

ایئرٹریفک کنٹرولرز گلڈ کے چھٹے جنرل باڈی انتخابات میں عبدالمنان ملک جنرل سیکرٹری، غلام مصطفیٰ موریجو ساؤتھ ریجن کے نائب صدر منتخب ہوئے ہیں جبکہ راحیل مقصود 117 ووٹ لیکر  نارتھ ریجن کے نائب صدر منتخب ہوئے ہیں۔

سلمان نذیر نارتھ اور عبدالصمد مگسی ساؤتھ ریجن کے فنانس سیکرٹری منتخب ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ چیئرمین الیکشن کمیٹی نے ایئر ٹریفک کنٹرولرز گلڈ کے انتخابات کے نتائج جاری کیے۔

شادی کے بعد کترینہ کیف کی کام پر واپسی

تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر پر کترینہ کیف نے اپنی نئی آنے والی فلم کے حوالے سے ایک تصویر شیئر کی ہے۔
شئیر کی گئی تصاویر میں اداکارہ کترینہ کیف اپنے ڈائریکٹر کے ساتھ کھڑی ہیں۔
کترینہ کیف نے کرسمس کی مبارک باد دیتے ہوئے لکھا کہ ‘نیا آغاز’، جس پر انکے مداحوں کی جانب سے کافی دلچسپ ردعمل سامنے آرہا ہے۔
یاد رہے کترینہ کیف اور وکی کوشل کی شادی 9 دسمبر کو بھارتی ریاست راجھستان کے ضلع سوائی مادھوپور میں واقع ’’سکس سینس فورٹ بروارا‘‘ میں ہوئی تھی جس میں ان کے قریبی رشتہ داروں اور دوستوں سمیت بالی ووڈ شخصیات نے شرکت کی تھی۔

اسلام کے نام پر بننے والے ملک میں اسلامی نظام نہیں آنے دیا گیا، سعد رضوی

بانیِ پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش پر تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے سربراہ حافظ سعد حسین رضوی کا کہنا ہے کہ پاکستان کا قیام دو قومی نظریہ کی مرہون منت ہے۔

امیر ٹی ایل پی سعد رضوی نے اپنے بیان میں کہا کہ اسلام کے نام پر وجود میں آنے والے ملک میں آج تک اسلامی نظام نہیں آنے دیا گیا۔

سعد حسین رضوی نے کہا کہ قائداعظم نے بارہا کہا ہمارا دستور چودہ سو سال پہلے قرآن و سنت کی صورت میں بن چکا ہے

امیر تحریک لبیک کا کہنا تھا کہ بانی پاکستان کے اصولوں پر عمل پیرا ہو کر ملک کو درپیش چیلنجوں سے نکالنا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ قائد اعظم نے جن مقاصد کے حصول کے لیے الگ وطن حاصل کیا ہم آج بھی ان اہداف سے دور ہیں۔

انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ قانون کی بالا دستی اور انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانا ہوگا۔

خیال رہے کہ آج  بانی ِ پاکستان اور بابائے قوم قائدِ اعظم محمد علی جناح کا یوم پیدائش ملک بھر میں قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے۔

پاکستان سمیت دنیا بھر سے پاکستانی عوام قائداعظم کو ان کے یوم پیدائش پر بھر پور انداز سے خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔

پاکستان میں قائداعظم کے یوم پیدائش کی مناسبت سے عام تعطیل ہے جب کہ ملک بھر میں اس حوالے سے مختلف تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔

بابائے قوم محمد علی جناح کے یوم پیدائش کی مناسبت سے مزایرِ قائد پر گارڈز کی تندیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان ملٹری اکیڈمی کے کیڈٹس نے مزار قائد پر گارڈز کے فرائض سنبھالے۔

قائد ؑطم کی ساگرہ کے حوالے سے مختف شہبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات کے بیانات کا سلسلہ جاری ہے۔

برطانوی شہزادی کیٹ میڈلٹن کے پیانو کی دھن نے سماع باندھ دیا ، مداح حیران

برطانوی شہزادی کیٹ میڈلٹن نے کی کرسمس کے موقع پر پیانو بجانے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
کرسمس کے موقع پر شہزادی کیٹ مڈلٹن نے پیانو بجا کر مداحوں کو حیران کردیا جبکہ انہیں پہلی بار عوامی سطح پر پیانو بجاتے دیکھا گیا۔
شہزادی کیٹ مڈلٹن نے کرسمس کے موقع پر ہونے والی شاہی خاندان کے ایک تقریب میں پیانو بجایا جسے ٹی وی پر بھی نشر کیا گیا۔
برطانوی شہزادی نے موسیقار ٹام واکر کے ساتھ پیانو بجایا اور دنیا بھر میں پھیلے لاکھوں مداحوں کو حیران کردیا۔
خیال رہے کہ کیٹ مڈلٹن برطانوی شہزادہ ولیم کی اہلیہ ہیں اور وہ 3 بچوں کی ماں بھی ہیں۔

سعودی عرب؛ منی لانڈرنگ کے الزام میں 5 پاکستانی گرفتار

سعودی عرب کے شہر مدینہ منورہ میں غیر قانونی طریقے سے رقم بیرونِ مملک بھیجنے کے الزام میں 5 پاکستانیوں کو گرفتار کرلیا گیا۔
سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق مدینہ منورہ میں منی لانڈرنگ کے الزام میں 5 پاکستانیوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔ ملزمان کے قبضے سے خطیر رقم بھی برآمد کی گئی ہے جس کے بارے میں ملزمان ذرائع نہ بتا سکے۔
سعودی پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے بیانات میں تضاد پایا جاتا ہے۔ ملزمان نے یہ رقم بیرون ملک منتقل کرنے کے لیے جمع کی تھی تاہم اس سے قبل ہی کارروائی کرتے ہوئے ملزمان سے رقم تحویل میں لے لی گئی۔
پولیس نے امکان ظاہر کیا ہے کہ یہ رقم دھوکہ دہی سے حاصل کی گئی ہے جس کے بارے میں تفتیش کی جا رہی ہے۔ ملزمان کو کل عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ ملزمان کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔

جنوبی وزیرستان میں فائرنگ، پی پی رہنما قتل، بلاول کی مذمت

جنوبی وزیرستان میں فائرنگ کے باعث پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سردار نجیب محسود جاں بحق ہو گئے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء و سابق امیدوار قومی اسمبلی حلقہ جنوبی وزیرستان نامعلوم افراد کی فائرنگ سے قتل,ناخوشگوار واقعہ جنوبی وزیرستان کے علاقہ سراروغہ میں پیش آیا. نجیب اللہ محسود اپنے گاؤں لدھا سے ٹانک آریا تھا کہ سراروغہ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جانبر نہ ہوسکے.اسکی لاش ڈی ایچ کیو ہسپتال ٹانک پوسٹ مارٹم کے لئے منتقل کی جارہی ہے، نجیب اللہ محسود دو مرتبہ پیپلز پارٹی کی ٹکٹ سے قومی اور صوبائی الیکشن لڑچکے ہیں۔
دوسری طرف پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نجیب محسود کی شہادت پر افسوس ہے، ان کا قتل خیبرپختونخوا میں قیام امن پر ایک سوالیہ نشان ہے، خیبرپختونخوامیں پی ٹی آئی مخالف سیاسی کارکنان ایک کے بعد ایک قتل ہورہے ہیں، حکومت فی الفور نجیب محسود کے قاتلوں کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچائے۔

انڈر 19 ایشیا کپ: پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بھارت کو شکست دے دی

انڈر 19 ایشیا کپ میں  پاکستان   نے بھارت کو سنسنی خیز مقابلے میں 2 وکٹوں سے شکست  دے دی۔

دبئی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے 238 رنز کا ہدف 8 وکٹوں کے نقصان پر میچ کی آخری گیند  پر حاصل کیا۔

پاکستان کو آخری اوور میں فتح کے لیے 8 رنز درکار تھے اور اس کی 3 وکٹیں باقی تھیں۔پہلی گیند پر وکٹ گرنے کے باوجود احمد خان نے شاندار بیٹنگ جاری رکھی اور آخری گیند پر جب فتح کے لیے دو رنز درکار تھے تو چوکا لگاکر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروادیا۔

پاکستان کی جانب سے محمد شہزاد نے 82 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ان کے علاوہ عرفان خان 33 ، معاذ صداقت ، رضوان محموداور احمد خان 29،29 رنز بناکر نمایاں رہے۔

بھارت کی جانب سے راج باوا نے 4 جبکہ راجوردھن ہنگارگیکر، روی کمار اور نشانت سندھو نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل پاکستان نے   ٹاس جیت کر پہلے بالنگ کرنے کا فیصلہ کیا  تھا جو کہ ابتداء میں بلکل درست ثابت ہوا  تھا جب پاکستان نے صرف 41 رنز پر 4  بھارتی کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھیج دیا تھا۔

تاہم اس کے بعد بھارتی بلے بازوں نے ذمہ داری  سے کھیلتے ہوئے 49 اوورز میں  دس وکٹوں کے نقصان پر اسکور 237 رنز تک پہنچادیا تھا۔

بھارت کی جانب سے ارادھیا یادیو 50 ، راجوردھن ہنگارگیکر 33 اور کوشال تامبے 32 رنز بناکر نمایاں رہے۔

پاکستان کی جانب سے ذیشان ضمیر نے شاندار بالنگ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کے علاوہ اویس علی نے 2 جبکہ قاسم اکرم اور معاذ صداقت نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

یاد رہے کہ   ابتدائی روز کھیلے گئے اپنے پہلے میچ میں بھارت نے میزبان یو اے ای اور پاکستان نے افغانستان کو شکست دے کر ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کیا تھا۔