رواں سال بھی سرکاری محکمہ جات کو کرپشن، بدعنوانی سے پاک نہ کیا جاسکا

رواں سال میں بھی سرکاری محکمہ جات کو کرپشن، بدعنوانی سے پاک نہ کیا جاسکا۔ پنجاب حکومت کے ماتحت سرکاری محکمہ جات میں کرپشن کی 3 ہزار 298 شکایات درج ہوئیں، سیکڑوں افسران، ملازمین اور سیاسی شخصیات ملوث پائی گئیں۔ رواں سال 2021 کے دوران گوجرانوالہ میں سرکاری محکمہ جات میں کرپشن کی شکایات میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا، جب شہریوں کی شکایات پر اینٹی کرپشن نے 2 ہزار 26 کیسز کی تحقیقات کیں تو کرپشن، بد عنوانی اور اختیارات سے تجاوز پر 202 مقدمات درج کئے، جن میں گزیٹڈ افسران، ملازمین اور سیاسی شخصیات بھی ملوث پائی گئیں لیکن کرپشن کا تاحال خاتمہ نہ ہوسکا۔ محکمہ اینٹی کرپشن کی تحقیقات کے دوران سرکاری محکموں میں کرپشن کے لحاظ سے محکمہ مال پہلے نمبر پر رہا، لوکل گورنمنٹ دوسرے نمبر جبکہ محکمہ پولیس تیسرے نمبر پر رہا۔ اینٹی کرپشن حکام کے مطابق ایک سال کے دوران قبضہ مافیا سے 1276 کنال اراضی واگزار کروائی اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والوں سے 2 ارب 6 کروڑ 83 لاکھ سے زائد کی ریکوری بھی کی گئی۔ اینٹی کرپشن نے رواں سال کے دوران 260 کرپٹ افسران، ملازمین کو گرفتار کرنے کا دعویٰ تو کردیا لیکن شہریوں کا کہنا ہے کہ کرپٹ عملہ کو انتظامی سیٹوں سے ہٹائے بغیر اداروں کی کرپشن میں کمی نہیں لائی جاسکتی۔

شہباز شریف اور حمزہ کیخلاف منی لانڈرنگ کے چالان پر وکلا بحث کیلئے طلب

لاہور کی بینکنگ کورٹ نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف منی لانڈرنگ کے چالان پر عدالتی دائرہ اختیار کے حوالے سے فریقین کے وکلا کو آئندہ سماعت پر بحث کے لیے طلب کرلیا۔ بینکنگ عدالت کے جج سردار طاہر صابر نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف منی لانڈرنگ کے چالان پر عدالتی دائرہ اختیار سے متعلق سماعت کی۔ امجد پرویز کے ایسوسی ایٹس نے بتایا کہ امجد پرویز لاہور ہائیکورٹ میں مصروف ہیں۔ ایف آئی اے کے پراسکیوٹر نے کہا کہ اعتراضات کے قانونی نوٹس تیار نہیں کیے، جس پر عدالت نے دونوں فریقین کی استدعا منظور کرتے ہوئے فریقین کو تیاری کے لیے 4 جنوری تک مہلت دے دی۔ عدالت نے ریمارکس دئیے کہ 4 جنوری کو فریقین کے وکلا عدالتی دائرہ اختیار پر دلائل مکمل کریں۔ خیال رہے ایف آئی اے نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے عدالتی دائرہ اختیار پر اعتراض اٹھایا تھا اور کہا بنکنگ جرائم کورٹ کو شہباز شریف اور حمزہ شہباز کا کیس سننے کا اختیار نہیں، یہ اختیار اسپیشل سنٹرل کورٹ کا ہے۔

اومی کرون کیسز: بھارت کی ایک اور ریاست میں رات کا کرفیو نافذ

بھارتی ریاست اترپردیش میں بھی اومی کرون کے کیسز سامنے آنے پر نائٹ کرفیو نافذ کردیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اترپردیش میں کورونا کے جنوبی افریقی ویرینٹ اومی کرون کے کیسز سامنے آنے پر نائٹ کرفیو سمیت دیگر پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔
رپورٹس کےمطابق ریاستی حکام نے شادی کی تقریبات میں زیادہ سے زیادہ 200 افراد کو مکمل حفاظتی اقدامات کے ساتھ شرکت کی اجازت دی ہے جب کہ تمام دکانداروں کو بغیر ماسک کے آنے والے گاہکوں کو سودا سلف نہ دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ریاست اترپردیش میں رات 11 بجے سے صبح 5 بجے تک مکمل کرفیو نافذ ہوگا جس کا اطلاق 25 دسمبر سے ہوگا۔
حکام نے بیرون ملک سے اترپردیش آنے والے افراد کو ہر صورت کورونا ٹیسٹ کرانے کا حکم دیا ہے جب کہ ریلوے اور بس اسٹیشنوں پر بھی اس حوالے سے احکامات دیے گئے ہیں۔
اس سے قبل ریاست مدھیا پردیش کے وزیراعلیٰ نے بھی اومی کرون کیسز سامنے آنے پر ریاست میں فوری طور پر نائٹ کرفیو نافذ کرنے کا اعلان کیا تھا جس کا دورانیہ بھی 11 سے صبح 5 تک رکھا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق جمعرات کے روزکووڈ 19 کے 31 کیسز رپورٹ ہوئے جن کی اپریل اور مئی میں تعداد ہزاروں میں تھی جب کہ جمعرات کے روز بھارت بھر میں کورونا کے مجموعی طور پر 7500 کیسز سامنے آئے۔
بھارتی میڈیا کا بتانا ہےکہ ملک میں جمعہ کی صبح تک اومی کرون کے کُل کیسز کی تعداد 358 تھی جن میں ریاست مہاراشٹرا میں 88، دہلی 67، تلنگانا 38، تامل ناڈو 34، کرناٹکا 31 اور گجرات میں 30 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ کیرالا، راجستھان، ہریانہ، اڑیسہ، بنگال، آندھیرا پردیش، اتر پردیش، چندی گڑھ، لداخ اور اترکھنڈ میں بھی اومی کرون کے کیسز سامنے آچکے ہیں۔

خاتون کے چکن ونگز کے ڈبے سے مرغی کی تلی ہوئی گردن نکل آئی

ایک خاتون صارف نے بین الاقوامی فوڈ چین سے چکن ونگز منگوائے لیکن جب ڈبہ کھولا تو مرغی کی تلی ہوئی گردن دیکھ کر حیران رہ گئی۔
گیبریلا نامی خاتون نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ اس نے کھانے کے لیے چکن ونگز کا ڈبہ آرڈر کیا اور جب گھر جاکر ڈبہ کھولا تو اس میں چکن ونگز کے ساتھ مرغی کی تلی ہوئی پوری گردن بھی نکل آئی۔
برطانوی خاتون نے بتایا کہ چکن ونگز کے ڈبے سے نکلنے والی مرغی کی تلی ہوئی گردن پر چونچ اور آنکھیں بھی واضح طور پر دیکھی جا سکتی ہیں۔
خاتون صارف نے لکھا کہ چکن ونگز کے باکس سے مرغی کی گردن نکلنے سے سارا مزہ کرکرا ہو گیا۔ خاتون نے اس واقعے کے بعد فوڈ چین کو 6 میں سے دو ریٹنگ پوائنٹس دیے۔

مہنگائی بیروزگاری جھگڑے، پنجاب میں سال 2021 کے دوران 10 ہزار طلاقیں

پنجاب میں طلاق، خلع کی شرح میں خوفناک حد تک اضافہ ، 1 لاکھ خواتین نے عدالتوں سے رجوع کیا ،لاہور میں کیسز کے انبار لگ گئے ،

خواتین پر تشدد، عدم برداشت نے میاں بیوی کے پاکیزہ رشتے میں دراڑیں ڈال دیں، معمولی گھریلو جھگڑے، ، تلخ کلامی پر خلع لینے کی شرح میں اضافہ ہونے لگا، 10 ہزار کو ڈگریاں جاری، 90 ہزار کے کیس زیر التواء

میاں بیوی کے مقدس رشتے معمولی تلخ کلامیوں کی بھینٹ چڑھنے لگے، پنجاب میرج کورٹس میں اس وقت 90 ہزار خلع / طلاق کے کیسز زیر التواء ہیں جب کہ 10 ہزار خواتین کو ڈگری جاری کر دی گئی،

رپورٹ کے مطابق زیادہ کیسز میں معمولی جھگڑے بڑھتے بڑھتے طلاق تک نوبت لے آتے ہیں

بلوچستان: چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کا حملہ، 2 سکیورٹی اہلکار شہید

کیچ میں چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے میں 2 سکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان کے ضلع کیچ میں دہشتگردوں نے سکیورٹی چیک پوسٹ پر حملہ کیا جس کے بعد فائرنگ کے تبادلے میں لانس نائیک منظر عباس اور سپاہی عبدالفاتح شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق لانس نائیک منظر عباس شہید کا تعلق خوشاب اور شہید سپاہی عبد الفاتح کا تعلق خضدار سے ہے۔
آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ فرار دہشتگردوں کی تلاش کےلیے علاقےمیں سرچ آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ سکیورٹی فورسزبلوچستان کے امن کے دشمنوں کوشکست دینے کیلئے پرعزم ہیں۔

کراچی میں ایک اور نالے میں گیس بھرنے سے دھماکا

کراچی کے علاقے محمود آباد کے نالے میں گیس بھر جانے سے دھماکے میں 3 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

ایس ایس پی ایسٹ قمر رضا نے بھی تصدیق کی کہ محمود آباد نالے میں دھماکا گیس بھرنے کے باعث ہوا۔

ایس ایس پی قمر رضا کے مطابق دھماکے کے باعث سڑک کے دوسری طرف موجود دکان متاثر ہوئی اور دکان پر موجود تین افراد زخمی ہوئے۔

پولیس حکام کے مطابق معمولی نوعیت کے دھماکے کے بعد پولیس کی نفری پہنچ گئی، دھماکے میں زخمی ہونے والے تینوں افراد کو معمولی چوٹیں آئیں جنہیں طبی امداد کے بعد گھر بھیج دیا گیا۔

یاد رہے کہ چند روز قبل شیرشاہ میں بھی پراچا چوک کے قریب نالے میں گیس بھر جانے سے ہونے والے دھماکے میں 17 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔ دھماکے کے باعث نالے پر بنی نجی بینک کی عمارت مکمل طور پر تباہ ہو گئی تھی جبکہ دیگر قریبی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا تھا

بنگلادیش: کشتی میں آگ لگنے سے 32 افراد ہلاک

بنگلادیش میں کشتی میں آگ لگنے سے 32 افراد ہلاک ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق حادثہ جمعہ کی صبح پیش آیا جہاں جنوبی بنگلادیش میں ایک کشتی میں آگ لگ گئی جس میں اب تک 32 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ڈھاکا سے 250 کلو میٹر دور جھلوکٹھی سے گزرنے والی اس کشتی میں تقریباً 500 افراد سوار تھے، تین منزلہ کشتی نے سفر کے دوران دریا کے بیچ میں آگ پکڑ لی جس کے بعد متعدد افراد نے دریا میں چھلانگ لگادی۔
مقامی حکام کا بتانا ہےکہ حادثے کے بعد اب تک 32 افراد کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں جن میں سے کچھ افراد جھلسنے اور کچھ پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہوئے۔
پولیس کو شبہ ہے کہ کشتی میں آگ انجن روم سے لگی اور کشتی ڈھاکا واپس جارہی تھی، حادثے میں زخمی ہونے والے 100 افراد کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے جن میں سے بیشتر کی حالت تشویشناک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں بھی اضافے کا خدشہ ہے۔

مشیر خزانہ شوکت ترین نے بطور سینیٹر حلف اٹھالیا

وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ شوکت ترین نے بطور سینیٹر حلف اٹھالیا۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے نومنتخب سینیٹر شوکت ترین سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔
مشیر خزانہ شوکت ترین خیبرپختونخوا سے پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر سینیٹ کے رکن منتخب ہوئے ہیں اور انہیں کُل 87 ووٹ ملے۔
تحریک انصاف نے ایوب آفریدی کو سینیٹ کی نشست سے مستعفی کرا کر شوکت ترین کو ٹکٹ دیا تھا جب کہ مشیر خزانہ کے سامنے اے این پی کے شوکت امیر زادہ، پی پی کے محمد سعید اور جے یو آئی ف کےظاہر شاہ مدمقابل تھے۔

معین اختر کی 71ویں سالگرہ پر گوگل ڈوڈل کا خراجِ تحسین

گوگل نے پاکستانی فنکار معین اختر کو ان کے 71ویں یوم پیدائش پر ڈوڈل کے ذریعے خراج تحسین پیش کیا ہے۔

معین اختر کی کون سی پرفارمنس آپ کی پسندیدہ ہے، ہمیں کمنٹس میں بتائیں۔