آئی سی سی پلیئرز رینکنگ جاری، پاکستان کا کون سا کھلاڑی کس نمبر پر ہے؟

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پلیئرز کی رینکنگ جاری کردی۔
آئی سی سی کی نئی رینکنگ میں قومی کپتان بابر اعظم، فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی اور اوپننگ بیٹر محمد رضوان ٹاپ 5 میں شامل ہیں۔
ٹیسٹ رینکنگ:
آئی سی سی کی نئی ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ کے مطابق بیٹرز میں آسٹریلیا کے مارنس لابو شین پہلی پوزیشن پر آگئے ہیں جو انہوں نے انگلینڈ کے کپتان جو روٹ سے چھینی، نئی رینکنگ میں روٹ دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔
پاکستان کے کپتان بابراعظم کی ٹیسٹ رینکنگ میں نویں پوزیشن برقرار ہے جب کہ اوپننگ بیٹر محمد رضوان کا 18 واں نمبر اور فواد عالم کا 20 واں نمبر برقرار ہے۔
ٹیسٹ بولرز کی رینکنگ میں آسٹریلیا کے پیٹ کمنز پہلے نمبر پر موجود ہیں جب کہ پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی تیسری پوزیشن برقرار ہے۔
آل راؤنڈرز کی ٹیسٹ رینکنگ میں ویسٹ انڈیز کے جیسن ہولڈر کا پہلا نمبر جب کہ بھارت کے روی چندر ایشون دوسرے اور رویندرا جڈیجا تیسرے نمبر پر ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی رینکنگ:
ٹی ٹوئنٹی بیٹنگ کی رینکنگ میں بابر اعظم اور انگلش بلے باز ڈیوڈ ملان مشترکہ طور پر پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں، دونوں کھلاڑیوں کے یکساں 805 پوائنٹس ہیں۔
پاکستان کے محمد رضوان ٹی ٹوئنٹی پلیئرز رینکنگ میں تیسرے نمبر پر موجود ہیں، بولنگ میں حسن علی کی پوزیشن میں تنزلی آئی ہے اور وہ 10 سے 11ویں نمبر پر آ گئے۔
ٹی ٹوئنٹی آل راؤنڈرز رینکنگ میں افغانستان کے محمد نبی کا پہلا نمبر برقرار ہے۔

آج شب چاند خانہ کعبہ کے عین اوپر ہوگا

آج بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب چاند خانہ کعبہ کے عین اوپر ہوگا اور یہ منظر رواں سال تیسری اور آخری بار دیکھا جائے گا۔

ماہرین فلکیات کے مطابق خانہ کعبہ کے اوپر چاند کا یہ منظر عام آنکھ سے بھی دیکھا جاسکے گا۔

سعودی وقت کے مطابق چاند رات 3 بج کر 23 منٹ پر خانہ کعبہ کے اوپر ہوگا جب کہ پاکستان میں اس وقت 5 بج کر 23 منٹ ہوں گے، اس سے قبلے کی سمت کا تعین بھی کیا جاسکے گا۔

سعودی ماہر فلکیات کا کہنا ہےکہ یہ مسجد حرام میں فجر کی اذان سے 2 گھنٹے 11 منٹ پہلے کا وقت ہو گا، اس وقت چاند کی اونچائی 89.54 درجے ہوگی اور چاند کا روشن حصہ 87 فیصد ہوگا۔

ماہر فلکیات کے مطابق 24 گھنٹے میں چاند اوسطاً 6 درجے کے حساب سے جھکتا ہے جس حساب سے  سال میں چاند 12 بار اپنا چکر لگاتا ہے مگر چاند کے خانہ کعبہ کے عین اوپر آنے کا منظر کم ہی ہوتا ہے۔

بلدیاتی الیکشن میں شکست: وزیراعظم نے وزیراعلیٰ کے پی کو طلب کرلیا

پشاور: خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات میں شکست کےبعد وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ محمود خان کو اسلام آباد طلب کرلیا۔

ذرائع کےمطابق وزیراعظم کے طلب کرنے پر محمود خان اسلام آباد پہنچ گئے ہیں جہاں وہ وزیراعظم کو بلدیاتی انتخابات کے نتائج پر بریفنگ دیں گے۔

ذرائع کے مطابق وزرا کو ان کے حلقوں میں شکست، الیکشن میں کہاں اور کیوں شکست ہوئی، اس تمام صورتحال پر وزیراعلیٰ وزیراعظم کو رپورٹ دیں گے۔

ذرائع کا بتانا ہےکہ وزیراعلیٰ کے پی وزیراعظم کو ٹکٹوں کی تقسیم سے متعلق آگاہ کریں گے جب کہ بلدیاتی انتخابات کے دوران ساتھ نہ دینے والے ارکان پارلیمنٹ اور سینئر رہنماؤں کی نشاندہی کی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ وزیراعظم بلدیاتی انتخابات کے اگلے مرحلے کی حکمت عملی کے لیے گائیڈ لائنز دیں گے۔

واضح رہے کہ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی الیکشن کے پہلے مرحلے میں جے یو آئی نے واضح کامیابی حاصل کی جس میں اسے چیئرمین کی 17 اور میئر کی 3 نشستیں ملیں جب کہ ایک بھی میئر شپ پی ٹی آئی کے حصے میں نہ آئی۔

میشا شفیع خود کو بے نظیر بھٹو کی ہم شکل قرار دینے پر تنقید کی زد میں آگئیں

گلوکارہ میشا شفیع سابقہ وزیر اعظم شہید بے نظیر بھٹو کو اپنی ہم شکل قرار دینے پر تنقید کی زد میں آگئیں۔

میشا شفیع نے انسٹاگرام پر بے نظیر بھٹو کی شادی کی تصویر شیئر کی اور لکھا کہ یہ تصویر اسکرولنگ کے دوران دکھائی دی تو مجھے لگا جیسے یہ میں ہوں۔

کچھ صارفین کو معمولی سے مشابہت لگی لیکن متعدد صارفین نے میشا پر تنقید کی—فوٹو: اسکرین شاٹ
کچھ صارفین کو معمولی سے مشابہت لگی لیکن متعدد صارفین نے میشا پر تنقید کی—فوٹو: اسکرین شاٹ

گلوکارہ نے ایک اور اسٹوری پر حیرانی والے ایموجی کے ساتھ بے نظیر اور اپنی شادی کی تصویر بھی شیئر کی جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

اسکرین شاٹ
اسکرین شاٹ

تاہم کچھ صارفین کو معمولی سی مشابہت لگی لیکن بیشتر صارفین نے میشا پر تنقید کی۔

میشا شفیع خود کو بے نظیر بھٹو کی ہم شکل قرار دینے پر تنقید کی زد میں آگئیں

واضح رہے کہ اس سے قبل بختاور بھٹو زرداری نے والدین کی شادی کی سالگرہ پر 18 دسمبر کو اپنی شادی کے کارڈ کی تصویر شیئر کی جس پر شہید بے نظیر اور آصف علی زرداری کی شادی کی تصویر لگی تھی۔

بختاور نے بتایا تھا کہ یہ تصویر 18 دسمبر 1987 کو لی گئی تھی۔

ملائیشیا میں شدید بارشوں اور سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 14ہو گئی

ملائیشیا میں شدید بارشوں اور سیلاب سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد چودہ ہو گئی۔ ملائشین حکام کے مطابق ستر ہزار افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا ہے۔

گذشتہ تین دنوں سے شدید بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی۔ کئی علاقوں میں معمولات زندگی شدید متاثر ہوئے ہیں۔ بارشوں سےندی نالوں میں طغیانی آ گئی۔ حکومت ملائیشیا نے ترجیحی بنیادوں پر امدادی کارروائیوں کا آغاز کر دیا ہے۔

متاثرین کو خوراک، کمبل اور ادویات پہنچائی جا رہی ہیں۔ گاڑیوں کی نقل و حمل متاثر ہونے سے شہروں میں رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔

آسٹریلیا کو آسٹریلیا میں ہرانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے: رمیز راجا

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) رمیز راجا کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کو آسٹریلیا میں ہرانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رمیز راجا کا کہنا تھا کہ عہدہ سنبھالتے ہی کئی چیلنجز کا سامنا رہا، ورلڈ کپ پھر غیر ملکی ٹیموں کا واپس جانا بڑے چیلنجز تھے، ہماری نیت صحیح ہے اس وجہ سے زیادہ پریشانی نہیں ہوئی، ہم نے تمام چیزوں کو ایک طرف رکھ کر کرکٹ پر بات کی۔

رمیز راجا کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم واپس گئی اور انگلینڈ نے انکار کیا تو ایشین کونسل میں آواز اٹھائی، اجلاس میں یہ بات کی کہ کسی ایشین ملک کے ساتھ زیادتی ہو تو سب کو کھڑا ہونا چاہیے، نیت ٹھیک ہو تو تمام چیزیں ٹھیک ہوتی ہیں۔

پاکستانی کوچز کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے رمیز راجا کا کہنا تھا کوچز پر میری کوئی حتمی رائے نہیں ہے، کوچز کے ساتھ لمبے کنٹریکٹ کرتے تو پھنس جاتے ہیں، ہمیں کوچز نہیں اسپیشلسٹ کی ضرورت ہو گی، کوچز نچلی سطح پر لگائے جائیں تو زیادہ بہتری ہو گی، غیر ملکی یا ملکی کوچ لانے کا تاحال فیصلہ نہیں کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو فیلڈنگ کو بہتر بنانا ہوگا، کوچز کا کام ٹیم کا ماحول بنانا اور ٹریننگ کروانا ہے لیکن ٹیم نے اوپر جانا ہے تو لیڈر کو نڈر ہونا ہو گا۔

دل کی بیماری میں مبتلا عابد علی کی مداحوں سے دعائے صحت کی درخواست

کراچی:  دل کی بیماری میں  مبتلا ہوجانے والے پاکستان کے ٹیسٹ اوپنر عابد علی نے اپنے مداحوں سے دعائے صحت کی درخواست کردی۔

مقامی اسپتال سے جاری اپنے ویڈیو بیان میں عابد علی کا کہنا تھا کہ آج بھی انہیں علاج کے عمل سے گزرنا ہے۔

گزشتہ روز عابد علی کو قائد اعظم ٹرافی کے آخری راؤنڈ میں میچ کے دوران سینے میں تکلیف کی شکایت پر فوری طور پر امراض قلب کے اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں ان میں ایکیوٹ کرونری سینڈروم کی تشخیص ہونے پر ماہر امراض قلب نے ان کے علاج کی نگرانی کی اوران کو اگلے 48 گھنٹے نگہداشت میں رکھا جائے گا۔

ماہرین امراض قلب کا کہنا ہے کہ عابد علی کو تشخیص ہونے والی بیماری میں دل کی ایک شریان بند ہونے کی صورت میں انجیو گرافی کے بعد براہ راست انجوپلاسٹی بھی ہوتی ہے، اگر تینوں شریانیں بند ہوں یا تو بائی پاس کی ضرورت پڑتی ہے۔

مذکورہ طبی رائے کی روشنی میں عابد علی کا مزید کرکٹ کھیلنا کسی خطرے سے کم نہیں ہوگا۔ اس طرح پاکستان کے ایک بہترین کرکٹر سے محروم ہونا قومی کرکٹ کے لیے شدید دھچکا ہوگا۔

شاداب خان بھی بِگ بیش لیگ کا حصہ بننے کو تیار

قومی کرکٹر شاداب خان بھی آسٹریلوی کرکٹ لیگ بگ بیش کا حصہ بننے کو تیار ہیں۔

ذرائع کے مطابق شاداب خان کی بی بی ایل میں معاہدے کے لیے معاملات حتمی مرحلے میں ہیں، معاملات طے پانے پرشاداب خان فوری طور پرآسٹریلیا روانہ ہوجائیں گے۔

شاداب خان نے 4 برس قبل ٹیم برسبین ہیٹ کی بی بی ایل میں نمائندگی کی تھی جب کہ اب ان کے برسبین ہیٹ کےساتھ ہی معاملات طے پارہےہیں، شاداب بی بی ایل کے اختتام تک دستیاب ہوں گے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل حارث رؤف، محمد حسنین، احمد دانیال اور سید فریدون کے بھی بی بی ایل میں معاہدے ہیں۔

اومی کرون ویرینٹ سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں ، امریکی صدر جو بائیڈن

امریکی صدر جو بائیڈن کا کہنا ہے کہ ہم اومی کرون  ویرینٹ سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں۔

فرانسیسی خبررساں ایجنسی (اے ایف پی )کے مطابق  اومی کرون  کے پھیلاؤ سے متعلق وائٹ ہاؤس میں خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا کہ ہم سب کو کورونا کے نئے ویرینٹ اومی کرون کے بارے میں فکر مند ہونا چاہیے لیکن گھبرانا نہیں چاہیے۔

جو بائیڈن نے کہا کہ اگر آپ  مکمل طور پر ویکسینیٹڈ ہیں اور ویکسین کی بوسٹر خوراک  بھی لگوالی ہے تو  آپ محفوظ ہیں البتہ  اگر  آپ نے ابھی تک ویکسین نہیں لگوائی تو  یہ خطرے کی بات ہے۔

انہوں نے عوام سے درخواست کی کہ  برائے مہربانی جلد سے جلد کورونا کی بچاؤ ویکسین لگوائیں ۔

اس کے علاوہ امریکی صدر نے مزید کہا کہ ہم اومی کرون ویرینٹ سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں جبکہ آئندہ ماہ 50 کروڑ فری ریپڈ ٹیسٹ ہوم کٹس امریکیوں کو دستیاب ہوں گی۔

کھاد کی قلت کے باعث گندم کی پیداوار ہدف سے کم رہنے کا خدشہ

لاہور: گندم کی بوائی کے وقت کھاد کی عدم فراہمی سے گندم کی فی ایکڑ پیداوار کے حوالے سے خدشات پیدا ہوگئے ہیں جبکہ حکومت نے گندم کی پیداوار کا ہدف بھی گزشتہ سال کے 2 کروڑ 73 لاکھ ٹن سے بڑھا کر 3 کروڑ ٹن کردیا ہے۔

ایک سرکاری اہلکار کے مطابق پنجاب کے محکمہ زراعت نے ستمبر کے مہینے میں بروقت کھاد کی عدم فراہمی کا معاملہ اٹھایا تھا تاہم اس کے باوجود بھی وفاقی حکومت ڈائی امونیئم نائٹریٹ (ڈی اے پی) اور یوریا کی فراہمی کو ممکن نہیں بنا سکی۔

زمین کو گندم کی بوائی کے لیے تیار کرتے ہوئے فی ایکڑ ڈی اے پی کے کم از کم ایک تھیلے کی ضرورت ہوتی ہے جبکہ فصل کے بڑھنے کے دوران یوریا کے 3 تھیلوں کی ضرورت ہوتی ہے۔

اہلکار کے مطابق ’60 فیصد ڈی اے پی درآمد کیا جاتا ہے، سال کے وسط میں عالمی منڈی میں ڈی اے پی اور یوریا کی قیمتوں میں اضافہ ہونا شروع ہوا اور وفاقی اداروں سے درخواست کی گئی کہ بروقت اس صورتحال سے نمٹا جائے تاہم دیگر ترجیحات کی وجہ سے اس معاملے کو نظر انداز کردیا گیا‘۔