اسسٹنٹ کمشنر کے گن مین کی فائرنگ سے شہری زخمی

کراچی کے علاقے نیو کراچی سیکٹر 5 ایف میں پولیو مہم کے دوران جھگڑا ہوگیا، جب کہ اس دوران فائرنگ سے ایک شخص پاؤں پر گولی لگنے سے زخمی بھی ہوا، جسے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق علاقے میں اسسٹنٹ ڈپٹی کمشنر سینٹرل کی موجودگی میں پولیو مہم جاری تھی، ایک گھر میں پولیو رضاکار نے بچوں کو پولیو قطرے پلانے کا کہا، لیکن والدین نے بچے کو پہلے ہی قطرے پلائے جانے کا دعویٰ کیا، سرکاری افسران نے پولیو قطرے پلانے کا اصرار کیا تو جھگڑا ہوگیا، والدین کی جانب سے بچے کو پولیو کے قطرے پلانے سے انکار پر تلخ کلامی ہوئی، اور اسی دوران اسسٹنٹ ڈپٹی کمشنر کے گن مین کی جانب سے گولی چلادی گئی، جو 20 سالہ نوجوان عقیل کی ٹانگ پر لگی، نوجوان کو فوری اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایس پی سینٹرل فوری موقع پر پہنچے اور صورت حال کو کنٹرول کر لیا گیا، جب کہ فائرنگ میں ملوث گن مین کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کر دیا گیا ہے، اور علاقہ پولیس ضابطے کی کارروائی عمل میں لا رہی ہے۔

چوتھی جماعت سے کیوں نکالا؟7سالہ بچہ والد کے ہمراہ عدالت پہنچ گیا

سرکاری سکول کی چوتھی جماعت سے نکالنے پر 7سالہ بچہ والد کے ہمراہ لاہور ہائیکورٹ پہنچ گیا۔
لاہور میں ایک انوکھا واقعہ پیش آیا جہاں پر سات سالہ بچہ اپنے والد کو لیکر سرکاری سکول کےخلاف لاہور ہائیکورٹ اس لئے پہنچ گیا کیونکہ اسے چوتھی جماعت سے نکال دیا گیا تھا۔
بچے کے والد کی درخواست پر عدالت نے سی ای او ایجوکیشن جھنگ سمیت دیگر سے جواب طلب کرلیا ہے۔
اس موقع پر بچے کے والد نے استدعا کی کہ اپنے بیٹے اظہر کو ٹیچر نے زبردستی جماعت سے نکالا،بیٹے کو پڑھا لکھا کر بڑا آدمی بنانا چاہتا ہوں، عدالت بیٹے کو متعلقہ سکولز مین دوبارہ داخل دینے کا حکم دے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت افغانستان کی صورتحال پر اجلاس

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت افغانستان کی صورتحال پر اجلاس جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت افغانستان کی صورتحال اور امن وامان پر اجلاس ہوا، اجلاس میں وزراء، عسکری حکام نے شرکت کی۔ مشیر خزانہ شوکت ترین، وزیر داخلہ شیخ رشید نے بھی شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کو افغانستان کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی، افغانستان کی موجودہ صورتحال میں حکومتی اقدامات پر مشاورت کی گئی، اجلاس میں پاک افغان بارڈر صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ملکی امن و امان کی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔ او آئی سی وزراء خارجہ اجلاس پر بھی حکمت عملی پر مشاورت ہو گی۔

2002 کے امن معاہدے پرعمل کرے تو اسرائیل کو تسلیم کرلیں گے، سعودی عرب

سعودی عرب نے کہا ہے کہ وہ 2002 کے امن معاہدے پر عمل درآمد کی شرط پر اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کے لیے تیار ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ میں سعودی عرب کے مستقل نمائندے عبداللہ المعلمی نے روزنامہ عرب نیوز کو انٹرویو میں کہا کہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول لانے کے لیے ہماری شرط 2002 کے امن معاہدے پر عمل درآمد کرنا ہے۔
عبداللہ المعلمی نے مزید کہا کہ جیسے ہی اسرائیل 2002 میں فلسطین کے تصفیے کے لیے پیش کیے گئے سعودی عرب کے امن معاہدے پر عمل کا اقرار کرے گا نہ صرف سعودی عرب بلکہ پوری مسلم دنیا اور او آئی سی کے 57 رکن ممالک اسرائیل کو تسلیم کرلیں گے۔
سعودی عرب کے مستقل مندوب عبداللہ المطعمی نے اسرائیلی مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی علاقوں پر اسرائیل کا قبضہ ناجائز ہے چاہے وہ کتنے عرصے سے کیوں نہ ہو۔
یاد رہے کہ سعودی عرب نے اسرائیل کو تسلیم کرنے کے لیے 2002 میں ایک امن معاہدے کی پیش کش کی تھی جس میں تمام عرب علاقوں پر اسرائیلی قبضے کے خاتمے اور آزاد فلسطینی ریاست کے قیام سمیت 10 مطالبات رکھے گئے تھے۔
عبد اللہ المعلمی کا یہ بیان اسرائیلی میڈیا کے گزشتہ ماہ دعوے کے بعد سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ 20 امریکی یہودی رہنماؤں کے ایک وفد نے سعودی عرب کا دورہ کیا اور 6 حکومتی وزراء اور سعودی شاہی خاندان کے سینئر نمائندوں سے ملاقات کی تھی۔
واضح رہے کہ اسرائیل نے 1967 کی عرب اسرائیل جنگ کے دوران مشرقی یروشلم پر قبضہ کر لیا تھا اور 1980 میں پورے شہر کو ایک ایسی ریاست میں ضم کر لیا تھا جسے عالمی برادری نے کبھی تسلیم نہیں کیا۔

دل کی تیزدھڑکن اور ڈیمنشیا کے درمیان تعلق کا انکشاف

ایک مطالعے سے معلوم ہوا ہے کہ 60 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد میں اگر دل کی رفتار معمول سے تیز رہتی ہے تو اس سے دماغی صحت متاثر ہوسکتی ہے اور ڈیمنشیا کے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔
سویڈن میں واقع کیرولنسکا انسٹی ٹیوٹ کے ماہرین کے مطابق اس سےقبل درمیانی عمر کے افراد میں تیزدھڑکن اور دماغی انحطاط پر خاصی تحقیق ہوچکی ہے لیکن 60 برس سے زائد بوڑھے افراد پر یہ پہلا مطالعہ ہے تاہم دونوں مطالعوں میں یہ بات طے ہے کہ قلبی دھڑکن میں اضافہ ازخود دل کے امراض کو ظاہر کرتا ہے۔
جرنل آف الزائیمر میں شائع اس رپورٹ میں مسلسل 12 برس تک 2147 افراد کا جائزہ لیا گیا جن کی اوسط عمر 70 برس تھی اور 62 فیصد خواتین شامل تھیں۔ اس عرصے میں کئی مرتبہ تمام شرکا کی معیاری (ای سی جی) لی گئی اور اس کے بعد دماغی صحت جانچنے کے لیے عالمی معیار کے ٹیسٹ لئے گئے اور سوالنامے پر کروائے گئے۔
ساتھ ہی عمر، جنس، تعلیم، تمباکونوشی اور ورزش وغیرہ کے بارے میں بھی پوچھا گیا اور بی ایم آئی اور کولیسٹرول کی سطح بھی نوٹ کی گئی۔ تحقیق سے معلوم ہوا کہ جن افراد میں دل کی دھڑکن فی منٹ 80 یا اس سے زائد تھی ان میں 60 سے 69 دھڑکن فی منٹ کے مقابلے میں ڈیمنشیا کا خطرہ 55 فیصد زائد تھا۔
سائنسدانوں کے مطابق دل کی دھڑکن کو معمول پر رکھ کر دماغی صحت کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔

سندھ رینجرز افسران کی سینئر ڈائریکٹر ہیلتھ کے ایم سی سے ملاقات

پاکستان رینجرز سندھ کے افسران نے سینئر ڈائریکٹر ہیلتھ کے ایم سی ڈاکٹر عبد الحمید جمانی سے ملاقات کی ہے۔

ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق پاکستان رینجرز سندھ کے زیرِ اہتمام  لیپروسی اسپتال منگھو پیر میں سہولیات کے حوالے سے رینجرز کے افسران نے سینئر ڈائریکٹر ہیلتھ کے ایم سی ڈاکٹر عبد الحمید جمانی اور سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے نمائندوں سے ملاقات کی۔

ترجمان سندھ رینجرز کا کہنا ہے کہ ملاقات میں علاقے کے غریب اور مستحق افراد کو مفت طبی سہولیات مہیا کرنے کے لیے ادویات کی فراہمی کو یقینی بنانا اور مریضوں کو صاف پانی کے لیے آراو پلانٹ لگائے جانے کا فیصلہ کیا گیا۔

ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق ملاقات میں بلوچ کمیونٹی اور سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کی جانب سے مریضوں اور غریب افراد کو مفت کھانا فراہم کرنے کے لیے اسپتال کے قریب فوڈ پوائنٹ بنانے اعادہ کیا گیا۔

ایران میں زلزلے کے شدید جھٹکے

تہران : ایران کے علاقے اندیکا  میں 4.8 شدت کے زلزلہ آیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق ایران  کے علاقے اندیکا سے 29 کلومیٹر دوری پر زلزلہ آیا ۔ زلزے کی شدت 4.8 بتائی جارہی ہے ۔ زلزلے کے جھٹکے اتنے زور دار تھے کہ شہری کلمہ طیبہ کا ورد کرتے گھروں سے باہر نکل آئے ۔

زلزلے سے کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ۔  واضح رہے کہ ماضی میں ایران میں زلزلوں نے تباہی مچا دی تھی ، جس سے ہزاروں افراد موت کی نیند سو گئے ۔

کولمبیا: ایئرپورٹ پر 2 زور دار دھماکے

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق  کولمبیا کے شہر کوکوتا کے کامیلو ڈیزا ایئرپورٹ کے رن وے پر پر دو زوردار بم دھماکوں میں 2 افراد ہلاک ہوگئے ہیں،ہلاک ہونے والوں میں 2 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں، جن کی شناخت ویلیم بارینو اور ڈیوڈ ریز کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں اہلکار باردوی سرنگوں کو ناکارہ بنانے کے ماہر سمجھے جاتے ہیں۔دھماکوں سے رن وے کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔

تاہم حملہ آور کی شناخت نہیں ہوسکی  اور نہ ہی کسی  گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

کولمبیا کی وزرت دفاع کا کہنا ہے کہ  حملہ آور ممکنہ طور باغی گروپ سے تعلق رکھتے ہیں جنھوں نے وینزویلا میں پناہ لے رکھی ہے لیکن  وینزویلا سے اس الزام کو مسترد کر دیا ہے۔

پاک بھارت کشیدگی کم کرنے کی کوشش کریں گے، امریکی سفیر

پاکستان کے لیے نامزد نئے امریکی سفیر ڈونلڈ آرمن بلوم نے کہا ہے کہ پاک بھارت کشیدگی کم کرنے کی کوشش کریں گے۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی سینیٹ کی خارجہ تعلقات کی کمیٹی میں بیان دیتے ہوئے ڈونلڈ آرمن بلوم نے کہا کہ وہ پاکستان سے تمام دہشت گرد گروہوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کرنے پر زور دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان، القاعدہ اور داعش سمیت دیگر گروہوں کے خلاف امریکہ اور پاکستان مشترکہ کارروائی کریں گے۔ ڈونلڈ آرمن بلوم نے کہا کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان، القاعدہ اور داعش کا مقابلہ کرنے کے لیے امریکہ اور پاکستان پرعزم ہیں جبکہ پاکستان کو لشکر طیبہ اور جیش محمد سمیت دیگر گروہوں کے خلاف بھی کارروائی کرنے کا کہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خطہ دو جوہری ممالک کے درمیان جاری کشیدگی کو برداشت نہیں کر سکے گا۔ وہ بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ امریکہ بھارت اور پاکستان کے ساتھ مضبوط تعلقات چاہتا ہے۔ نامزد سفیر نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کو آپس کے دو طرفہ تعلقات کا دائرہ اور ان کی نوعیت کے بارے میں خود فیصلہ کرنا ہو گا۔ پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات امریکی مفادات کے لیے انتہائی اہم ہیں۔

ایلون مسک کی کمپنی کا پاکستان میں سیٹلائٹ براڈ بینڈ انٹرنیٹ شروع کرنے کا فیصلہ

ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے سی ای او ایلون مسک کی کمپنی اسٹار لنک نے پاکستان بھر میں سیٹلائٹ براڈ بینڈ انٹرنیٹ شروع کرنے کا منصوبہ تیار کرلیا ہے۔
ایلون مسک کی امریکی کمپنی اسٹار لنک کے وفد نے وزیرانفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق سے ملاقات کی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر امین الحق کا کہنا تھا کہ منصوبے سے نہ صرف اُن علاقوں کو فائدہ ہو گا جہاں انٹرنیٹ کی سہولت موجود نہیں ہے بلکہ براڈ بینڈ سے ملک بھر کے 40 ہزار اسکولوں اور کاروباری اداروں کو بھی آگے بڑھنے کے مواقع ملیں گا۔
دوسری جانب کمپنی کے وفد کا کہنا تھا کہ اسٹار لنک پہلے ہی پاکستان میں رجسٹرڈ ہے جبکہ اُس کے دفاتر جلد ہی یہاں کھل جائیں گے۔
واضح رہے کہ یہ اسٹارلنک کا جنوبی ایشیا میں پہلا منصوبہ ہوگا۔