عمران عباس 100 خوب صورت مردوں میں شامل ہونے پر خوش

پاکستانی ٹی وی ڈراموں کے معروف اداکار عمران عباس 100 خوب صورت مردوں میں شامل ہونے پر خوش ہوگئے ۔

ایک ویب سائٹ نے دنیا کے سو خوب صورت مردوں کی فہرست شائع کی ہے جس میں پاکستانی اداکار عمران عباس کا نام بھی شامل کیا گیا ہے ۔

فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ ایپ کی سائٹ انسٹا گرام پر عمران عباس نے ایک ویب سائٹ پر شائع ہونے والی اپنی تصویر شیئر کی ہے ۔

عمران عباس نے اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ سو خوب صورت مردوں میں شامل ہونا اپنے لیے اعزاز سمجھتا ہوں۔

اداکار عمران عباس کی اس پوسٹ کو مداح خوب پسند کررہے ہیں اور اس پر اپنے دلچسپ تبصرے بھی کررہے ہیں ۔

ویب سائٹ نے عمران عباس کو سال 2020 کے خوب صورت مردوں کی فہرست میں شامل کیا ہے ۔

لاہور ہائی کورٹ نے بابراعظم کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا سیشن کورٹ کا حکم معطل کردیا

لاہور ہائی کورٹ نے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا  سیشن کورٹ کا حکم معطل کر دیا  ہے اور متعلقہ ایس ایچ او  اور حامیزہ مختار کو8 فروری کیلئے نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔

لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس اسجد جاوید گھرال نے بابر اعظم کی درخواست پر سماعت کی جس میں  اندراج مقدمے کی درخواست پر ماتحت عدالت کے احکامات کو چیلنج کیا گیا۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان کے وکیل حارث عظمت ایڈووکیٹ نے نشاندہی کی کہ سیشن عدالت نے حقائق کے برعکس بابر اعظم کیخلاف اندراج مقدمہ کا حکم  دیا ہے۔ وکیل کے مطابق حامیزہ مختار نے بابر اعظم کو بلیک میل کرنے کیلئے  بے بنیاد درخواست دائر کی۔

وکیل کے بقول خاتون نے  2018 میں ہی بابر اعظم سے صلح کی تھی اور معاملہ ختم ہو گیا تھا۔ وکیل نے بتایا کہ پولیس نے بھی حامیزہ مختار دھمکی آمیز کالز موصول ہونے کے معاملے پر منفی رپورٹ پیش کی اور سیشن عدالت نے شواہد کے بغیر بابر اعظم کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا۔

وکیل نے استدعا کی کہ بابر اعظم کیخلاف اندراج مقدمہ کے حکم پر عملدرآمد روکا جائے اور قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان کیخلاف اندراج مقدمہ کی کارروائی غیر قانونی قرار دے کر کالعدم کی جائے۔ درخواست پر مزید سماعت 8 فروری کو ہو گی۔

پیٹرولیم مصنوعات مزید مہنگی، پیڑول کی قیمت میں3.20 روپے تک اضافہ

وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نئے سال کے پہلے مہینے میں دوسری مرتبہ اضافہ کرتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں مزید 3 روپے 20 پیسے بڑھا دی۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری میں کے مطابق ‘وزیراعظم نے اوگرا اور فنانس ڈویژن کی طرف سے پٹرول کی قیمت میں 13 روپے فی لیٹر بڑھانے کی سمری منظور نہیں کی اور قیمتوں میں کم سے کم اضافے کا فیصلہ کیا۔

شہباز گل کے مطابق ‘پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے 20 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 95 پیسے اور کیروسین کی قیمت میں 3 روپے کا اضافہ ہوگا’۔

خیال رہے کہ حکومت نے دسمبر 2020 کے آخری روز پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 3 روپے 95 پیسے فی لیٹر تک اضافے کی منظوری دے دی تھی۔

وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ ‘عوام کے ریلیف’ کو مدنظر رکھتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی سفارشات کے برعکس پیٹرولیم مصنوعات میں کم سے کم اضافہ کرنے کی منظوری دی۔

اعلامیہ میں کہا گیا تھا کہ اوگرا کی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں 10.68 روپے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 8.37 روپے فی لیٹر اضافے کی سفارش کی گئی تھی لیکن عوام کو ممکنہ حد تک ریلیف فراہم کرنے کی حکومتی ترجیحات کو مدنظر رکھتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں 2.31 روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 1.80 روپے فی لیٹر اضافہ منظور کیا گیا۔

اس سے قبل 15 دسمبر کو حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا تھا جس کے تحت پیٹرول اور ڈیزل فی لیٹر 3، 3 روپے مہنگا ہوگیا تھا۔

قبل ازیں 30 نومبر کو وفاقی حکومت نے 15 روز کے لیے پیٹرول کی قیمت برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا، تاہ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 4 روپے اضافہ کردیا گیا تھا۔

ملائیشیا میں پی آئی اے کا طیارہ قبضے میں لے لیا گیا، عملہ بھی پھنس گیا

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کی پرواز پی کے 895 کراچی سے آج کوالالمپور پہنچی تھی، کوالا لمپور میں مقامی حکام نے پی آئی اے کا طیارہ عدالتی احکامات پر قبضے میں میں لیا۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ طیارے کی لیز کے واجبات ادا نہ کرنے پر ملائیشیا میں پی آئی اے کا طیارہ قبضہ میں لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق پی آئی اے طیارے کو قبضے میں لینے کی کارروائی مسافروں کے سوار ہونے کے بعد کی گئی اور طیارے کو قبضے میں لینے کے بعد مسافروں کو طیارے سے اتار دیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ طیارے کو قبضے میں لیے جانے کے بعد پی آئی اے کا 18 رکنی عملہ بھی کوالالمپور میں پھنس گیا ہے، 18 رکنی عملے کو اب 14 دن قرنطینہ میں گزارنے ہیں۔

ترجمان پی آئی اے نے بھی کوالا لمپور میں طیارے کو قبضے میں لیے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلے کے احسن حل تک مسافروں کی مناسب دیکھ بھال کی جائے گی۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ ملائشیا میں عدالتی حکم پر طیارے کو قبضہ میں لیا جانا ایک ناخوشگوار صورتحال ہے، پی آئی اے حکومتی سطح پر اس مسئلے کے حل کے لیے کوشاں ہے۔

پی آئی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں برطانوی عدالت میں پی آئی اے اور ایک پارٹی کا کیس زیر التواء ہے۔

خیال رہے کہ پی آئی اے نے 2015 میں بوئنگ 777 طیارہ ویتنام کی کمپنی سے لیز پر حاصل کیا تھا۔

حکومت کا 18 جنوری سے ملک بھر میں تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان

اسلام آباد: حکومت نے ملک بھر میں 18 جنوری سے تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کردیا۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے تعلیمی ادارے مرحلہ وار کھولنے کا اعلان کیا۔

شفقت محمود نے کہا کہ 18 جنوری سے نویں، دسویں، گیارہویں اور بارہویں جماعتوں میں تعلیمی سلسلہ دوبارہ شروع کیا جائے گا جب کہ پہلی جماعت سے آٹھویں جماعت تک کی تعلیمی سرگرمیاں یکم فروری سے شروع ہوں گی۔

وفاقی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ ہائر ایجوکیشن میں تعلیمی سرگرمیاں بھی یکم فروری سے بحال کی جائیں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگلے ہفتے اجلاس میں سارے ڈیٹا کا جائزہ لیں گے، دیکھیں گے کہ جن شہروں میں وائرس کا انفیکشن ریٹ بہت زیادہ ہے وہاں یکم فروری سے تعلیمی سلسلہ شروع کیا جائے یا نہیں،چھوٹی جماعتیں کھولنے سے پہلے شہروں میں انفیکشن ریٹ دیکھا جائے۔

شفقت محمود کا کہنا تھا کہ اگر کسی شہر میں انفیکشن ریٹ زیادہ ہے تو ممکن ہے وہاں چھوٹی جماعتیں نہ کھولی جائیں اور جہاں کم ریٹ وہاں کھول دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیمی ادارے بند کرنے سے تعلیم کا بہت نقصان ہواہے، اس سال کسی بچے کو امتحان کے بغیر پاس نہیں کیا جائے گا۔

وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ ماہرین نے بتایا تھا کہ تعلیمی ادارے بند کرنے سے مثبت شرح کم ہوگی، 15 ستمبر کو تمام تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ کیا تھا، اس وقت بیماری لگنے کا ریٹ 1.9 کے قریب تھا۔

انہوں نے کہا کہ 26 نومبر کو تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ کیا تو مثبت شرح 7.14 ہوگئی تھی،  اب کورونا کی مثبت شرح 7.14 سے کم ہوکر 6.10 ہوگئی ہے۔

نواز ،زرداری نے نظام انصاف خراب کر کے لا قا نونیت سے فائدہ اٹھایا:عمران خان

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت لوگوں کو ریلیف اور انصاف کی فراہمی کے لیے ملک میں نظام عدل کو بہتر بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کے لیے پرعزم ہے۔ وزیر اعظم نے سزا و جزا کے نظام کو مستحکم کرکے بدعنوان عناصر کے خلاف سخت کارروائی پر زور دیا۔

وزیر اعظم نے راوی اربن ڈویلپمنٹ پروجیکٹ میں رکاوٹوں کو دور کرنے کی ہدایت جاری کی اور والٹن ایئرپورٹ لاہور کو منتقل کرنے میں درپیش مسائل کو دور کرنے کے لیے کہا۔

عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی کے لیے عمران خان نے مقررہ مدت میں انتظامی اصلاحات پر عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا۔

 

وزیر اعظم نے صوبوں اور اسلام آباد میں فوجداری نظام اور سول پروسیجر کوڈ کے نفاذ سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ ‘گزشتہ حکومت نے نظام کو جوڑ کر لاقانونیت کا فائدہ اٹھایا’۔

بعدازاں رہائش، تعمیرات اور ترقی سے متعلق قومی رابطہ کمیٹی کے ہفتہ وار اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لوگوں کی رہائشی ضروریات کا جائزہ لینے اور انہیں رہائش کی فراہمی کے لیے موثر منصوبہ بندی کے لیے اراضی کے ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن بہت ضروری ہے۔

چیئرمین نیا پاکستان ہاوسنگ اتھارٹی لیفٹننٹ جنرل (ر) انور علی حیدر نے لینڈ ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن کے ضمن میں صوبوں کی سرویئر جنرل آف پاکستان کو ڈیٹا کی فراہمی کے حوالے سے کارکردگی پر آگاہ کیا۔

صوبائی چیف سکریٹریز نے اجلاس کو صوبوں کی جانب سے اراضی ریکارڈ کو ڈیجیٹلائزیشن کے لیے اعداد و شمار کی فراہمی کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے لینڈ ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن کے ضمن میں ڈیٹا کی فراہمی کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ لینڈ ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن سے تعمیرات کے شعبے میں بہتر منصوبہ بندی اور قبضہ مافیا کی سرکوبی میں نمایاں بہتری سامنے آئے گی۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین جاوید غنی نے ٹیکس مراعات پیکیج، ایف بی آر پورٹل اور بلڈرز اور ڈویلپرز کی رجسٹریشن میں اضافے کا جائزہ پیش کرتے ہوئے اجلاس کو بتایا کہ ملک بھر میں اور بالخصوص پنجاب میں تعمیراتی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

چیف سیکرٹری پنجاب نے صوبے میں گرین ایریاز کے تحفظ کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات اور مستقبل کے ایکشن پلان پر عملدرآمد پر تفصیلی بریفنگ دی اور کہا کہ ماضی میں تعمیراتی منصوبوں، خصوصا ہاوسنگ اسکیموں کے بے ترتیب پھیلاو کی وجہ سے گرین ایریاز میں کمی اور ماحولیاتی آلودگی میں بتدریج اضافے کا سامنا کرنا پڑا۔

انہوں نے کہا کہ 2019 سے صوبائی حکومت نے تمام متعلقہ اداروں کی موثر کوارڈینیشن اور سول سوسائٹی کی شمولیت کی بدولت گرین ایریاز میں اضافے کاجامع ایکشن پلان مرتب کر کے اس پر عملدرآمد کا آغاز کر دیا ہے۔

چیف سیکرٹری پنجاب نے اربن فاریسٹ لبرٹی مارکیٹ لاہور کی طرز پر صوبے کے مختلف شہروں میں اس سال اربن فاریسٹ منصوبوں کے قیام اور گرین کور میں اضافے کے ایکشن پلان پر عملدرآمد پر شرکا کو آگاہ کیا۔

اس کے علاوہ صوبے میں تعمیراتی منصوبوں میں گرین ایریاز کے تحفظ کے حوالے سے قوائد و ضوابط وضع کرنے کے حوالے سے بھی شرکا کو آگاہ کیا گیا۔

وزیراعظم کے مشیر برائے ماحولیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے گرین بلڈنگ کوڈ کو ہاوسنگ اسکیموں کے ساتھ پائلٹ کرنے اور بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ پر قابو پانے کے حوالے سے مشاورت پر اجلاس کو آگاہ کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے ماحولیاتی تحفظ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کے اثرات بڑے شہروں میں خطرناک حد تک پہنچنے سے پہلے ہمیں بروقت اقدامات اٹھانے ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی آلودگی ایک ‘خاموش قاتل’ ہے جس سے عوام الناس کی صحت پر برے اثرات مرتب ہوتے ہیں، موجودہ حکومت نے ماحولیاتی آلودگی کے برے اثرات کے پیش نظر ماحولیاتی تحفظ کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے ہیں۔

وزیراعظم نے تمام صوبوں میں شجر کاری مہم کے حوالے سے اقدامات، گرین ایریاز کے تحفظ کے لیے مربوط حکمت عملی اور مانیٹرنگ کا میکانزم وضع کرنے کی ہدایت کی۔

چیئرمین سی ڈی اے نے وفاقی دارالحکومت میں انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کے جاری منصوبوں پر پیشرفت اور مستقبل کے منصوبوں کے حوالے سے اجلاس کو بریفنگ دی۔

وزیراعظم عمران خان نے وفاقی دارالحکومت میں ملٹی اسٹوری کنسٹرکشن اور گرین ایریا کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ہدایت کی کہ تعمیراتی منصوبوں میں گرین ایریاز کے تحفظ کا خاص خیال رکھا جائے۔

بھارتی کسانوں کے احتجاج میں شدت،لال قلعہ پر خالصہ پرچم لہرانے کا اعلان

نئی دہلی، چنڈی گڑھ  بھارتی کسانوں نے لہوڑی فیسٹیول کے دوران زرعی قوانین کی کاپیاں پھاڑ تے ہوئے لال قلعے پر خالصہ پرچم لہرانے کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی کسانوں کے احتجاج میں شدت آ گئی ، دھرنوں کے دوران کسانوں نے کالے قوانین کی کاپیاں جلا کر لہوڑی کا میلہ منایا، مظاہرین نے مودی سرکار کے خلاف اور کسان مزدور اتحاد کے حق میں نعرے لگائے۔

ٹرمپ کے حامیوں کا جو بائیڈن کی حلف برداری میں خون خرابے کا پلان امریکہ میں اسلحہ کی خریداری میں ریکارڈ اضافہ

نیویارک: امریکہ میں کیپٹل ہل کے واقعے کے بعداسلحہ کی خریداری میں تیزی ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ اسلحہ کی خریداری میں ریاست یوٹاہ کے شہری سرفہرست رہے۔

بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسلحہ کی خریداری میں ریاست یوٹاہ کے شہری سرفہرست رہے اور وہاں اسلحے کی دکانوں پر قطاریں لگی رہیں جبکہ یوٹاہ ٹرمپ کی حامی ریپبلکن ریاست شمار کی جاتی ہے۔

دوسری جانب اسلحے کی بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر اسلحہ ساز کمپنیوں نے قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے جبکہ گن ساز کمپنی سمتھ اینڈ ویسن نے قیمتوں میں 18 فیصد اور روگر اینڈ کو نے 12 فیصد اضافہ کیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق ایمونیشن بنانے والی کمپنی وسٹا آوٹ ڈور نے 15 فیصد قیمتیں بڑھادی ہیں اورایک رپورٹ کے مطابق 2020 کے دوران امریکہ میں ہتھیاروں کی فروخت 40 برس کی بلند ترین سطح پر رہی ہے۔

واضح رہے خریداروں میں بڑی تعداد سیاہ فام مرد و خواتین کی رہی اور 80 لاکھ 40 ہزار افراد نے اسلحہ خریدا ہے۔

یاد رہے رواں سال کے آغاز پر امریکہ کے تیسرے بڑے شہر شکاگو میں شہریوں نے 2020 کے دوران اسلحہ کی تباہ کاریوں کی مذمت کرنے کے لیے مارچ کیا تھا جبکہ گزشتہ برس صرف شکاگو میں فائرنگ کے 762 واقعات پیش آئے تھے اورجن میں دسمبر کے 27 واقعات بھی شامل ہیں۔

شمالی وزیرستان: دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں 3 فوجی شہید

پاک فوج نے خفیہ اطلاعات پر شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے دو علیحدہ ٹھکانوں کے خلاف آپریشن کیا جس میں 2 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے جبکہ  فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 3 جوان بھی شہید ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے خفیہ اطلاعات پر شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کے خلاف آپریشن کیا۔

آپریشن کے دوران ایک بم بنانے کے ماہر سمیت2 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے، فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 3 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔

 شہداء میں کرک کے رہائشی سپاہی آزیب احمد، بنوں کے سپاہی ضیاء الاسلام، اورکرزئی کے لانس نائیک عباس خان شامل ہیں۔

الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج میں رکاوٹ نہیں بنیں گے، وفاقی حکومت

وفاقی وزرا نے اعلان کیا ہے کہ الیکشن کمیشن کے باہر اپوزیشن کے احتجاج میں حکومت رکاوٹ نہیں بنے گی اور توقع ہے کہ احتجاج قانون اور آئین کے دائرے میں ہوگا۔

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید، وزیر قانون فروغ نسیم اور وزیر دفاع پرویز خٹک سمیت دیگر وزرا نے پریس کانفرنس میں کہا کہ وزیراعظم ریاست مدینہ کے اعلان کے مطابق چاہتے ہیں کہ یہاں دینی قوتوں کا احترام ہو اور ہم بھی دینی مدرسوں کو پاکستان کا مینار سمجھتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں 562 مدرسے ہیں اور ان میں سے 92 رجسٹرڈ ہیں لیکن ہمیں نئے مدرسے رجسٹر کرنے میں بھی کوئی اعتراض نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام وزارتی کمیٹیوں نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا ہے اور فروغ نسیم نے قانونی مشورہ دیا ہے کہ الیکشن کمیشن ایک آئینی ادارہ ہے اور اسی کے تحت یہ الیکشن میں حصہ لینے جارہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جس الیکشن اور جس اسمبلی پر انہیں اعتراض ہے اسی میں حصہ لینے جارہے ہیں اور اصلاحات بھی نہیں کر رہے ہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ مارچ کے پہلے ہفتے میں اُمید ہے کہ یہ سینیٹ کے انتخابات میں بھی حصہ لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ان سے توقع ہے کہ کسی جگہ امن و امان کا کوئی مسئلہ کھڑا نہیں کریں گے اور الیکشن کمیشن ایک آئینی ادارہ ہے جہاں فارن فنڈنگ کیس کی سماعت جاری ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم ان کے راستے میں کوئی رکاؤٹ نہیں بنیں گے اور ان سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ بھی حکومت کی اس نیک دلی اور اچھی خواہش کا احترام کریں گے اور قانون اور آئین کے دائرے میں رہ کر اپنا احتجاج کریں گے۔

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ موجودہ الیکشن کمیشن پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مشاورت سے بنا ہے اور اس کمیشن نے پچھلے الیکشن نہیں کروائے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر آپ فوج، سپریم کورٹ اور الیکشن کمیشن کے خلاف تقریریں کرتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ ہر ادارے کے خلاف ہیں تو ملک میں کسی ادارے کو سلامت رہنے دیں۔

وفاقی وزیر پرویز خٹک نے کہا کہ جب الیکشن کے بعد یہ لوگ اسمبلی میں کھڑے ہوئے کہ اسمبلی نہیں چلنے دیں گے، اگر ان کو دھاندلی کا اعتراض ہے تو جب تک کمیٹی نہیں بنے گی اور جب تک یہ اسمبلی نہیں آئے کمیٹیاں نہیں بنیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میری سربراہی میں ایک کمیٹی بنی سارے سوالات دیے اور دو اجلاس ہوئے اگر انہیں اعتراض تھا تو کمیٹی میں آتے اور ثبوت دیتے، بغیر ثبوت کے الیکشن پر اعتراضات کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ اتنے سچے ہیں کہ یہاں پر غلط کام ہوا ہے تو انہیں ریکارڈ دینا چاہیے تھا، وہ کمیٹی ابھی بنی ہوئی لیکن انہوں نے مجھے خط تک نہیں لکھا۔

پرویز خٹک نے اپوزیشن کے بارے میں کہا کہ یہ ملک میں افراتفری پھیلانے کے لیے گیم کھیل رہے ہیں ورنہ ان کے پاس کچھ نہیں ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ میری پاکستان پیپلزپارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) سے درخواست ہے کہ وہ آکر ثبوت بھی پیش کریں اور فنڈنگ کی رسیدیں اور جوابات لے کر آئیں کیونکہ مقصد ان کا دھمکانا نہیں ہے بلکہ جو بھی دستاویزات مانگی گئی ہیں وہ جمع کرادیں۔