مسترد عناصر جنوبی پنجاب پر پوائنٹ سکورنگ کررہے ہیں، ناکام رہیں گے: عثمان بزدار

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے جنوبی پنجاب کو نئی شناخت دی ہے اور جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام کو عملی جامہ پہنایا ہے۔ ملتان اور بہاولپور میں سیکرٹریٹ کا قیام جنوبی پنجاب کے عوام کیلئے تحفہ ہے۔ سابق ادوار میں جنوبی پنجاب کے فنڈز کو دیگر شہروں پر خرچ کیا گیا اور ماضی کی حکومتوں نے جنوبی پنجاب کی ترقی کے لئے فنڈز دیگر منصوبوں کو منتقل کئے۔ سابق ادوار میں جنوبی پنجاب کے عوام پسماندگی اور غربت کی چکی میں پستے رہے۔ سابق حکمرانوں نے جنوبی پنجاب کے عوام کو ترقی کے نام پر دھوکہ دیا۔ اب جنوبی پنجاب کے فنڈز نہ کسی شہر کو منتقل ہوں گے نہ کسی اور منصوبے پر خرچ کئے جاسکیں گے۔ وہاں کے عوام کی ترقی اور خوشحالی پر ہی صرف ہوں گے۔ تحریک انصاف کی حکومت جنوبی پنجاب کو اس کا حق واپس کررہی ہے۔ جنوبی پنجاب کے پسماندہ علاقوں میں پہلی بار حقیقی ترقی کا سفر تیزی سے جاری ہے۔ مسترد شدہ عناصر جنوبی پنجاب پر پوائنٹ سکورنگ کررہے ہیں۔ جنوبی پنجاب پر سیاست چمکانے والے ناکام رہیں گے۔ جنوبی پنجاب کے عوام نے تحریک انصاف کو جو مینڈیٹ دیا ہے اس کی لاج رکھیں گے۔ ماضی کی حکومتوں نے سیاسی شو بازی کر کے جنوبی پنجاب کے عوام کو دھوکا دیا۔ سابق حکمران جنوبی پنجاب صوبے کے نام پر اپنی سیاست چمکاتے رہے۔ مکار دشمن پاکستان کو عدم استحکام سے دوچارکرنے کی سازش کررہا ہے۔ ایک طرف دشمن مذموم عزائم رکھتا ہے اور دوسری طرف پی ڈی ایم انتشار پھیلانا چاہتی ہے۔ افسوس کا مقام ہے کہ اپوزیشن عناصر ملکی مفادات کو بالائے طاق رکھ چکے ہیں۔ اپوزیشن کا ایجنڈا پاکستان کے مفادات سے متصادم ہے۔ یہ نازک وقت یکجہتی، اتحاد اور اتفاق کا تقاضا کرتا ہے۔ موجودہ حالات میں افراتفری کی سیاست کی رتی بھر بھی گنجائش نہیں۔ انتشار کی سیاست کرنے والوں کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔ علاوہ ازیں عثمان بزدار نے وہاڑی میں تشدد سے بچے کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ملتان سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیراعلیٰ نے بانی سعودی عرب شاہ عبدالعزیزکے نواسے شہزادہ خالد بن فیصل کے ا نتقال پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے۔

لانگ مارچ ضرور ہوگا تاریخ کا اعلان موسم دیکھ کر کرینگے، مریم نواز

اپنے بیان میں مریم نواز نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا لانگ مارچ کا پلان بالکل ہے، لانگ مارچ ہوگا، لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان لوگوں کی سہولت اور موسم کو دیکھتے ہوئے کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ استعفے ضرور ہوں گے، 31جنوری تک اگروہ عزت سے جانے پرراضی نہیں توعوام کوئی اورفیصلہ کریں گے۔

علاوہ ازیں اپنی ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ مچھ میں فرقہ ورانہ دہشت گردی کی قابل مذمت واردات وفاقی اور صوبائی حکومت کی سنگ دلی، بے حسی اور نا اہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ  نہ کام آتا ہے اور نہ ہی زخموں پر مرحم رکھنا آتا ہے، ایسی حکومت کو عوام پر مسلط رہنے کا کوئی حق نہیں، پوری قوم کی ہمدردیاں اپنے مظلوم بھائیوں کے ساتھ ہیں۔

سمگل شدہ پٹرول پر ایکشن کا حکم، پمپ سیل جائیدادیں ضبط‘گرفتاریاں کچھ بھی ہوجائے احتساب جاری رہے گا: عمران خان

اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے تیل اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف حتمی کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے پیٹرول پمپ سیل، جائیدادیں ضبط ، بھاری جرمانے، گرفتاریوں اور کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی زیر صدارت انسداد اسمگلنگ اقدامات پر اعلیٰ سطح اجلاس ہوا، اعلی سول اور عسکری حکام سمیت متعلقہ اداروں کے نمائندے شریک ہوئے۔

اجلاس میں اسمگل شدہ تیل کی خریدوفروخت پرمبنی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کردی گئی ، وزیراعظم عمران خان نے ملک میں اسمگل شدہ تیل کی فروخت کا نوٹس لیتے ہوئے گندے دھندے میں ملوث نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسمگل شدہ تیل کی فروخت سےمعیشت کو سالانہ 150 ارب کا نقصان ہوا ، ملک میں 2094 پیڑول پمپس اسمگل شدہ تیل کی فروخت میں ملوث نکلے۔

وزیراعظم عمران خان نے تیل اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف حتمی کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے پیٹرول پمپ سیل، جائیدادیں ضبط ، بھاری جرمانے، گرفتاریوں اور کریک ڈاؤن کا حکم دیا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ اسمگلنگ کی وجہ سے ملکی معیشت کو نا قابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے ، انسداد اسمگلنگ اقدامات سےحاصل رقم عوام کی فلاح پر خرچ کریں گے۔

سانحہ مچھ: ہزارہ برادری کا دھرنا‘ لاشوں کی تدفین سے انکار،قاتلوں کی گرفتاری کیلئے وزیر اعظم سے خود آکر وعدہ کرنیکا مطالبہ

شیخ رشید کی تمام تر یقین دہانیوں کے باوجود دھرنا مظاہرین نے دھرنا ختم کرنے سے انکار کردیااور مطالبہ کیا کہ وزیراعظم عمران خان خود کوئٹہ تشریف لائیں اور ان سب معاملات کو دیکھیں۔

وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر وفاقی وزیر داخلہ مچھ واقعے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین اور دھرنا دینے والے مظاہرین سے ملاقات کے لیے کوئٹہ پہنچے۔

اس موقع پر شیخ رشید نے اپنے بیان میں کہا کہ مچھ سانحہ ظلم اور زیادتی ہے ، اس سانحے پر شرمندہ ہوں، دہشتگردوں نے چار مرتبہ مجھ پر بھی حملہ کیا، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہماری گلی سے بھی 4 جنازے اٹھے ہیں۔

شیخ رشید نے مظاہرین کو بتایا کہ وزیراعظم نے پیغام دیا ہے کہ کسی صورت سانحہ مچھ کے مجرموں کو نہیں چھوڑیں گے، یقین دلاتا ہوں سانحہ مچھ کے ذمہ داران نہیں بچیں گے، لاپتہ افراد کے معاملے پر وزیراعظم سے ملاقات کراؤں گا۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ آپ عظیم لوگ ہیں جو قربانی دیتے ہیں اور ملک کے ساتھ وفاداری نبھاتے ہیں۔

وزیر داخلہ نے بتایا کہ انہوں نے آنے سے پہلے علامہ راجا ناصر عباس سے بات کی جنہوں نے کہا کوئٹہ جائیں۔

انہوں نے کہا کہ مچھ سانحے کے متاثرین کو 15 لاکھ روپے صوبائی حکومت اور وفاقی حکومت 10 لاکھ روپے دے گی۔

شیخ رشید مظاہرین سے اپیل کی کہ وہ شہداء کی تدفین کریں  اور ایک دن تجویز کرکے اسلام آباد آجائیں۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے خصوصی طور پر اپنا جہاز دے کر انہیں کوئٹہ بھیجا۔ شیخ رشید نے کہا کہ میں سانحہ مچھ سے متعلق جوڈیشل کمیٹی کا اعلان کرتا ہوں، تمام شیعہ برادری کو مکمل سیکیورٹی دی جائے گی ، یقین دلاتا ہوں کہ مچھ میں 11 لوگوں کو قتل کرنے والوں کو نہیں چھوڑیں گے۔

شیخ رشید کی تمام تر یقین دہانیوں کے باوجود دھرنا مظاہرین نے دھرنا ختم کرنے سے انکار کردیا۔ اس موقع پر رہنما ہزارہ برادری نے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم عمران خان خود کوئٹہ تشریف لائیں،ان سب معاملات کو دیکھیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ صوبائی حکومت کے استعفے کے سوا تمام مطالبات مانتا ہوں، آج یا کل صبح وزیراعظم کو مظاہرین کے پیغام سے آگاہ کروں گا۔ بعد ازاں وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید وفد کے ہمراہ دھرنے سے واپس روانہ ہوگئے۔

نائیجر میں داعش کے مبینہ حملوں میں 100شہری ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے

افریقی ملک نائیجر میں مالی کی سرحد کے قریب داعش کے مبینہ دو حملوں میں 100 شہری ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

نائیجر کے وزیراعظم کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ ہفتے کو ملک کے مغربی حصے میں مالی کی سرحد کے قریب واقع دو دیہاتوں پر حملے کیے گئے۔

وزیراعظم نائیجر کے مطابق کومبانگو گاؤں پر حملے میں 70 اور زارومداریے گاؤں پر حملے میں 30 شہری ہلاک ہوئے۔

وزیراعظم نے حملے کے ذمہ داروں کے نام نہیں لیے تاہم نائیجر میں اس سے قبل القاعدہ اور داعش سے منسلک دہشت گرد حملے ہی ایسے کرتے رہے ہیں۔

دوسری جانب مقامی حکام کا کہنا ہےکہ حملہ آوروں کا تعلق مشتبہ طور پر شدت پسند تنظیم بوکو حرام سے تھا جو سرحد پار پڑوسی ملک نائیجیریا سے آئے تھے۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر عالمی برداری کی خاموشی سوالیہ نشان ہے، شیریں مزاری

وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری نے عالمی برداری پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی مقبوضہ کشمیر میں معصوم شہریوں کے خلاف بھارتی مظالم پر خاموشی ایک سوال ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ اگر عالمی برداری بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی دھجیاں اڑانے کی اجازت دے گی تو دیگر ممالک مستقبل میں کسی عالمی قوانین کو تسلیم کرنے سے انکار کرسکتے ہیں۔

انہوں نے عالمی برداری سے کہا کہ اگر آپ پورے انسانی حقوق کے نظام کو تباہ کرنا چاہتے ہیں تو بھارت کو وہ مقبوضہ کشمیر میں کررہا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ جس طرح یورپی یونین بعض امور پر پاکستان کے سامنے انسانی حقوق سے متعلق معاملات کو اٹھاتا ہے، اس اعتبار سے عالمی برداری کو تمام انسانی حقوق کے مسائل پر بات کرنی چاہیے۔

شیریں مزاری نے کہا کہ ’ایسا نہیں ہونا چاہیے کہ پاکستان کے لیے انسانی حقوق کے معاملے پر لسٹ بنالی جائے لیکن بھارت کو، جو کچھ وہ مقبوضہ کشمیر میں کررہا ہے، اسے عالمی برداری نظر انداز کردے‘۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ ’کیا دنیا معاشی فوائد کے لیے بھارت کے خلاف اقدام نہیں کررہی؟‘

وفاقی وزیر نے عالمی برادری بلخصوص اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ ڈاکٹر آسیہ اندرابی کا معاملہ سزا ہونے سے پہلے اٹھائیں۔

شیریں مزاری نے کہا کہ ’جلد ہی بھارتی سپریم کورٹ کی جانب سے آسیہ اندرابی کا فیصلہ آنے والا ہے، اگر عالمی قوانین کا جائزہ لیں تو یہ محض ڈاکٹر آسیہ اندرابی کا جوڈیشل قتل ہوگا‘۔

انہوں نے کہا کہ ’کیا دنیا ایسے تسلیم کرکے خاموش بیٹھی رہے گئی‘۔

وفاقی وزیر نے ڈاکٹر آسیہ اندرابی کو کشمیر کی فریڈم فائٹر قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ کئی برس سے جیل میں ہیں۔

اس موقع پر ڈاکٹر آسیہ اندرابی کے بیٹے بھی وفاقی وزیر انسانی حقوق کے ساتھ موجود تھے، انہوں نے پریس کانفرنس میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں زندگی نارمل نہیں ہے، والدہ سے مہینے میں ایک مرتبہ 10 منٹ کے لیے ملاقات کرائی جاتی ہے اور اس دس منٹ میں پولیس اہلکار بھی موجود ہوتے ہیں اور بتاتے رہتے ہیں کہ کیا بات کرسکتے ہیں اور کیا بات نہیں کرسکتے اپنی والدہ سے۔

انہوں نے کہا کہ ’یہ منظر انتہائی شرمناک ہوتا ہے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’کشمیری عوام بھارت سے اپنے حقوق کے لیے جدوجہد کررہے ہیں اور اسی جدوجہد میں کچھ لوگ جیل اور بعض قبرستان پہنچ جاتے ہیں‘۔

واضح رہے کہ چند روز قبل پاکستان نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس پر زور دیا تھا کہ وہ کشمیری رہنما اور انسانی حقوق کی کارکن کے ’عدالتی قتل‘ کو روکیں اور بھارت کو راضی کریں کہ وہ ان کے خلاف تمام ’من گھڑت الزامات‘ کو واپس لے۔

آسیہ اندرابی، جنہیں 18 جنوری کو شام کورٹ کی جانب سے سزا سنائے جانے کا خطرہ ہے، کشمیری حقوق گروپ دختران ملت کی بانی ہیں۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو لکھے خط میں اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم کا کہنا تھا کہ دنیا کو کشمیر میں ’جائز اور مقامی تحریک آزادی پر سسٹیمک کریک ڈاؤن‘ کے لیے بھارت کو ’فری پاس‘ دینے سے روکنا چاہیے۔

وزیرِ اعظم سے بابر اعوان کی ملاقات ،سیاسی صورتحال پر گفتگو

وزیرِ اعظم عمران خان سے مشیر برائے پارلیمانی امور ظہیر الدین بابر اعوان کی ملاقات ہوئی جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔

ملاقات میں مشیر برائے پارلیمانی امور ظہیر الدین بابر اعوان نے وزیرِ اعظم کو سینیٹ اجلاس پر بریفنگ دی جبکہ وزارت کی پارلیمانی کارکردگی کے بارے میں بھی تفصیلی بریفنگ دی۔

انگلش کرکٹر معین علی کورونا وائرس کا شکار

کولمبو: انگلش کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر معین علی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق انگلش کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل راؤنڈر معین علی میں سری لنکا پہنچنے پر کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد انہیں قرنطینہ کردیا گیا۔

انگلش کرکٹ بورڈ کے مطابق معین علی سری لنکن قوانین کے مطابق دس روز تک آئسولیشن میں رہیں گے۔

ای سی بی کا کہنا ہے کہ فاسٹ بولر کرس ووکس کو بھی معین علی کے ساتھ ممکنہ رابطے میں ہونے کی وجہ سے دس روز تک آئسولیشن میں رہنا پڑے گا۔

انگلش کرکٹ بورڈ کے مطابق ٹیم کو کل دوبارہ ٹیسٹنگ مراحل سے گزرنا ہے جس کے بعد بدھ کو ٹیم پہلا ٹریننگ سیشن کرے گی۔

واضح رہے کہ انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز 14 جنوری سے شیڈول ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی وجہ سے 33 سالہ آل راؤنڈر معین علی کے پہلے ٹیسٹ میں شرکت کے امکانات کم دکھائی دے رہے ہیں

وفاقی وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکشن کے تحت سندھ کیلئے تین ارب روپے کے منصوبے

جنوبی افریقہ  کی کرکٹ ٹیم 16 جنوری کو کراچی پہنچے گی۔

تفصیلات کے مطابق دو ٹیسٹ اور تین  ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے لیے  جنوبی افریقی  کرکٹ ٹیم 16 جنوری کو کراچی پہنچے گی۔

ٹیسٹ میچز اور ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستانی امپائرز اور میچ آفیشلز ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ آئی سی سی کی کورونا پروٹوکول پالیسی کے تحت غیر ملکی آفیشلز نہیں آئیں گے۔پی سی بی دونوں ٹیسٹ میچز اور تین ٹی ٹوئنٹی  کے لیے پاکستانی امپائرز و میچ ریفری تعینات کرے گا۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ  کے مابین سیریز بائیو سیکیور ماحول میں کھیلی جائے گی۔

لاہور میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی میچز میں شائقین کو اجازت دینے کا فیصلہ تاحال نہیں کیا جاسکا ہے ۔

واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے مابین پہلا ٹیسٹ میچ 26 جنوری  سے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کی اہم ملاقات

راولپنڈی(ویب ڈیسک ) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے افغان مفاہمتی عمل کے امریکی خصوصی نمائندہ زلمے خلیل زاد نے ملاقات کی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق افغان مفاہمتی عمل کے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا ہے جہاں انہوں نے آرمی چیف سے ملاقات کی، ملاقات میں افغان امن عمل پر خصوصی تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کےامورپربات چیت کی گئی اور خطے کی سکیورٹی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق  ملاقات میں افغان امن کےمشترکہ مقصد کے لیےبات جاری رکھنےکافیصلہ کیا گیا، زلمےخلیل زادنےافغانستان میں دیرپاامن کے لیے پاکستان کی کوششوں کوسراہا۔

خیال رہے کہ پاکستان کی کاوشوں سے افغانستان میں امن مشن کامیاب ہونے کے قریب ہے جس پر چند روز پہلے افغان حکومت نے طالبان کے ساتھ مذاکرات جاری رکھنے پر آمادگی ظاہر تھی اور افغان امن مذاکرات کا نیادور پانچ جنوری (منگل)  سے شروع ہوگا جس سے ایک روز قبل زلمے خلیل زاد نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی ہے۔