وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بلاول بھٹو زرداری اور مریم نواز کی پریس کانفرنسز پر ردعمل میں کہا ہےکہ ایک کہتا ہے تحریک شروع کر رہے ہیں، دوسرا کہتا ہے استعفٰی دیں، بچے ہیں، وقت کے ساتھ سیکھ جائيں گے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کرپشن کا دور ختم ہوگیا، ملک میں دو خاندانوں کی حکومت کب کی ختم ہوچکی، بچوں سے یہ پریس کانفرنسیں کرا رہے ہیں، عمران خان کی قیادت میں پاکستان اپنے اصل راستے پر ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی فنڈنگ رپورٹ کا انتظار ہے، الیکشن کمیشن کو نوٹس لینا چاہیے، ن لیگ کو منی لانڈرنگ کے لیے استعمال کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز کی تمام ٹیپس اصلی تھیں انہیں معافی مانگی چاہیے تھی، نواز شریف کی جان پیسوں میں ہے اور نیب وہ پیسے نکلوانا چاہتا تھا۔
انہوں نےکہا کہ کچھ لوگوں کی جو امیدیں تھیں وہ ٹوٹ رہی ہیں، پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کرانے جارہے ہیں،کارکن تیار کرلیں، بلدیاتی انتخابات کے ضابطہ اخلاق کے لیے اپوزیشن ساتھ بیٹھے اور تجاویز دے۔