پراویڈنس: (ویب ڈیسک) انڈر 19 ورلڈ کپ کا آج سے ویسٹ انڈیز میں آغاز ہو رہا ہے، آئی سی سی نے شریک 16 ٹیموں کیلئے بائیو سکیور ببل میں سختی نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے افغان ٹیم کی آمد کے سبب گروپ سی کا شیڈول تبدیل کر دیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق افتتاحی روز میزبان ویسٹ انڈیز کا مقابلہ آسٹریلیا سے ہو گا جبکہ جارج ٹٓاون میں سکاٹ لینڈ کو سری لنکا کے چیلنج کا سامنا ہو گا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو جیف آلر ڈائس نے سخت بائیو سکیور ببل کے نفاذ سے انکار کے ساتھ واضح کر دیا کہ وہ نوجوان پلیئرز کو لطف اٹھانے کا تجربہ فراہم کرنا چاہتے ہیں البتہ انہیں آزادی اوروائرس سے مبتلا ہونے کے خطرات میں خود توازن پیدا کرنا ہو گا۔
ویزا مسائل کے باعث افغان ٹیم کی تاخیر سے آمد کے سبب گروپ سی کی شیڈولنگ میں تبدیلی کی گئی ہے اور افغان ٹیم اپنا پہلا میچ 16 کی بجائے 18 جنوری کو پاپوانیوگنی کے خلاف کھیلے گی جبکہ زمبابوے اور پاپوانیوگنی کا 20 جنوری کو شیڈول میچ کل کھیلا جائے گا اور پاکستانی ٹیم اپنی مہم جوئی 17 جنوری کو زمبابوے کے خلاف شروع کرے گی ورنہ یہ میچ 22 جنوری کو شیڈول تھا۔
پاکستان کا 15 جنوری کو پاپوانیو گنی کیخلاف شیڈول مقابلہ اب 22 جنوری کو جبکہ افغانستان کے خلاف 20 جنوری کو ہو گا اور افغانستان کا زمبابوے کیخلاف میچ 16 کی بجائے 22 جنوری کو ہو گا۔