اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چین اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تجارت کے ساتھ ساتھ پاکستان کی چین کو برآمدات 2021 میں ریکارڈ سطح پر پہنچ گئیں۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بن کاکہنا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی اور تجارتی تعاون باہمی طور پر فائدہ مند ہے اور اس نے دونوں ممالک کے عوام کو ٹھوس فوائد پہنچائے ہیں۔ چائنا اکنامک نیٹ کے مطابق چین کی جنرل ایڈمنسٹریشن آف کسٹمز کے تازہ ترین اعدادوشمار سے پتہ چلتا ہے کہ 2021 میں چین کی پاکستان کو درآمدات اور برآمدات کی کل مالیت میں سالانہ 59.1 فیصد اضافہ ہوا جس میں برآمدات میں 57.8 فیصد اور درآمدات میں 68.9 فیصد اضافہ شامل ہے۔ اس وقت چین پاکستان کے لیے برآمدات کا دوسرا بڑا اور درآمدات کا سب سے بڑا ذریعہ ہے۔