لاڑکانہ: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے 24 جنوری کو کسانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے کال دی ہے اور ان کی کال پر ملک میں لاکھوں کی تعداد میں ٹریکٹر نکلیں گے۔
لاڑکانہ میں کسان ریلی سے خطاب میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وفاقی حکومت اور ان کی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
اپنے خطاب میں مراد علی شاہ کا کہنا تھاکہ وفاقی وزیر نے بیان دیا کہ سندھ سے گندم افغانستان اسمگل ہوجاتی ہے، یہ کم قیمت پر کسان سے گندم اٹھاتے ہیں اور ملک سے باہر بھیج دیتے ہیں، پھر مصنوعی قلت پیدا کرکے مہنگی گندم درآمد کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ 24 جنوری کو کسان بھائیوں کا ساتھ دینےکیلئے بلاول بھٹو نے سب کو بلایا ہے، بلاول کی کال پر پاکستان میں لاکھوں کی تعداد میں ٹریکٹر ہوں گے، ہم اس حکومت کو اٹھا کر باہر پھینک دیں گے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھاکہ ہمیں کسی اور کی مدد نہیں چاہیے، ہم اپنی قیادت میں عوام کیلئے کھڑے ہیں،بلاول بھٹو اس ملک کے وزیر اعظم بنیں گے۔
ان کا کہنا تھاکہ وفاقی حکومت ہر چیز پر ٹیکس لگاتی ہے، وفاقی حکومت کے باعث کسانوں اور مزدوروں کا معاشی قتل کیا جارہا ہے۔