اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر مریم نواز ، عثمان بزدار، اسد عمر اور دیگر نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) کے ایوارڈ جیتنے والے قومی کھلاڑیوں کو مبارکباد دی ہے۔
پاکستان مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر مریم نواز نے بھی قومی کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا کہ بابر، رضوان اور شاہین پر فخر ہے کہ وہ دنیا کو باور کراتے ہیں کہ پاکستان کو شاندار صلاحیتوں کے حامل ٹیلنٹ کا تحفہ دیا گیا ہے اور خواتین میں فاطمہ ثناء کو ملکی پرچم بلند کرنے پرناز ہے۔ پاکستان کے چیمپئنز کے لئے کے لیے دل سے محبت اور دعائیں ہیں۔
آئی سی سی کی جانب سے ایوارڈ دیئے جانے پر وزیراعلیٰ پنجاب نے بھی قومی کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا کہ ہمارے کرکٹرز کا گزشتہ سال شاندار رہا اور وہ پوری قوم کے لیے فخر اور خوشی کا باعث بنے۔
شاہین، بابر اعظم، رضوان اور فاطمہ کو آئی سی سی ایوارڈز جیتنے پر مبارکباد اور پی ایس ایل 7، ٹی 20 ورلڈ کپ اور دیگر آنے والے ایونٹس کے لیے گڈ لک کہتا ہوں۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے بھی آئی سی سی ایوارڈ جیتنے پر بابر اعظم اور دیگر کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سینیٹر فیصل جاوید کی جانب سے بھی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی ) ایوارڈز حاصل کرنے پر قومی کھلاڑیوں کو مبارکباد کے پیغام دیئے گئے۔
خیال رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم، وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان، فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی اور خاتون کرکٹر فاطمہ ثنا کو ایوارڈ سے نوازا گیا ۔
