امان: (ویب ڈیسک) ملکِ شام سے اردن میں منشیات اسمگلنگ کی کوشش کے دوران فوج کی فائرنگ سے 27 اسمگلرز مارے گئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ہلاک ملزمان شام سے منسلک سرحد پار کرکے اردن داخل ہونا چاہتے تھے کہ اس دوران اردنی فوج سے مقابلہ ہوا جس میں ستائیس اسمگلرز ہلاک ہوگئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ اردن کی فوج نے بڑی مقدار میں منشیات بھی برآمد کرلی جو ٹرک میں چھپائی گئی تھی۔
اردنی فوج نے منشیات کے 27 اسمگلرز کے مارے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دیگر کئی ملزمان بارڈر سے دوبارہ شام کی طرف بھاگ گئے۔
فوج کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ اس کے علاوہ مختلف کارروائیوں میں بھی منشیات کی اسمگلنگ ناکام بنائی گئی اس دوران متعدد ملزمان زخمی بھی ہوئے۔
واضح رہے کہ اردن کی فوج نے منشیات اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے سرحد پر کڑا پہرہ دے رکھا ہے، رواں ماہ کے آغاز میں فوج اور اسمگلرز کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں فوجی افسر ہلاک ہوا تھا۔
ایک رپورٹ کے مطابق مشرقی وسطیٰ اور چند خلیجی ممالک تک منشیات کی اسمگلنگ زیادہ تر شام اور لبنان سے ہوتی ہے۔ یہ دونوں ممالک اسمگلنگ کے لیے ‘گیٹ وے’ سمجھے جاتے ہیں۔