لندن: (ویب ڈیسک) وٹامن ڈی کو جادوئی وٹامن کہا جاتا ہے اور اب معلوم ہوا ہے کہ وٹامن ڈی سپلیمنٹ اوراومیگا تھری فیٹی ایسڈ کا استعمال بہت حد تک ازخود پھوٹنے والے امنیاتی (آٹوامیون) امراض کو روک سکتے ہیں۔ ان میں گٹھیا، جوڑوں کا درد، تھائی رائیڈ کے امراض اور دیگر بیماریاں شامل ہیں۔
برگھم اینڈ وومن ہاسپٹل کے مطابق ان دونوں سپلیمنٹ کے استعمال سے گٹھیا اور جوڑوں کے درد کا خطرہ 22 فیصد تک کم ہوسکتا ہے۔ اس طرح عمررسیدہ افراد میں وٹامن ڈی کے مثبت اثرات کی پہلی براہِ راست شہادت ملی ہے۔ اس سروے کو ’لارج اسکیل وٹامن ڈی اینڈ اومیگا ٹرائل‘ (وائٹل) کا نام دیا گیا ہے۔
مطالعے میں 55 برس کے ہزاروں خواتین وحضرات کو شامل کیا گیا اور پانچ برس تک انہیں وٹامن ڈی اور اومیگا تھری فیٹی ایسڈ کی گولیاں یا سپلیمنٹ دی گئی تھیں۔ لیکن ماہرین نے کہا کہ صرف دو سال کے بعد ہی اس کے مثبت اثرات سامنے آنے لگے ۔ اس بنا پر ہم آبادی کے بہت بڑے حصے کو مفلوج کردینے والی ایک اذیت ناک کیفیت سے بچاسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ آٹو امیون امراض میں گٹھیا اور جوڑوں کا درد شامل ہے جو زندگی کے معمولات کو شدید متاثر کرتا ہے۔ جسم کا اپنا امنیاتی نطام ہی اسے بڑھاتا ہے۔ ڈاکٹروں نے کہا ہے کہ روزانہ 2000 آئی یو وٹامن ڈی اور سمندری اومیگا تھری فیٹی ایسڈ کی 1000 ملی گرام مقدار استعمال کی جائے۔ لیکن یہ ان افراد کے لیے جو اس کیفیت کی ابتدائی علامات محسوس کررہے ہیں اور ان کی عمر 45 سال سے اوپر ہیں۔
اس تحقیق میں 25 ہزار سے زائد خواتین اور مردوں نے شرکت کی۔ ہزاروں افراد کو دو گروہوں میں بانٹا گیا جس میں دوسرے کو فرضی دوا دی گئی تھی۔ لیکن اس سے قبل تمام شرکا میں آٹو امیون بیماری کی کیفیت اور شدت کو بھی نوٹ کیا گیا تھا۔ ان میں سے جن افراد نے سپلیمنٹ استعمال کئے وہ بہت حد تک جوڑوں کے درد سے دور رہے۔
سائنسدانوں کے مطابق وٹامن ڈی اور اومیگا تھری فیٹی ایسڈ دل کے امراض ، اندرونی سوزش اور فالج سے بھی دور رکھتے ہیں۔