لاہور: (ویب ڈیسک)
پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) کی ٹیم ملتان سلطانز میں شامل جنوبی افریقی کرکٹر عمران طاہر نے ٹیم کے کپتان محمد رضوان کی محنت کو سراہا ہے۔
ایک انٹرویو میں عمران طاہر کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل میں ملتان سلطانز کا آغاز اچھا ہوا ہے، امید ہے یہ سلسلہ جاری رہے گا۔
ٹیم کے کپتان سے متعلق سوال پر جنوبی افریقی لیگ اسپنر کا کہنا تھا محمد رضوان کی کامیابی اس کی محنت کا نتیجہ ہے، اس کو جب جب موقع ملا اس نے فائدہ اٹھایا، وہ بھی اس مرحلے سے گزرے ہیں تو اندازہ ہے کہ اس نے یہاں پہنچنے کے لیے بہت کچھ سہا ہے اور آپ کڑے وقت سے گزر کر کامیابی حاصل کرتے ہیں تو وہ لمبی ہوتی ہے اور اس کا مزہ بھی آتا ہے۔
سینئرز نے انہیں چیزیں اس انداز میں نہیں سکھائیں: عمران طاہر
عمران طاہر کا کہنا تھا کہ انہیں ان کے سینئرز نے چیزیں اس انداز میں نہیں بتائیں جس انداز میں بتانا چاہیے تھی اس لیے اب وہ کوشش کرتے ہیں کہ کسی اور نوجوان کو ایسا محسوس نہ ہو، وہ یہ کسی پر احسان سمجھ کر نہیں کرتے بلکہ یہ سوچ کر کرتے ہیں کہ اس سے کسی نوجوان کرکٹر کا بھلا ہوجائے گا اور اس کو بھی یہ فن اچھی طرح آجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ وہ جب بھی کسی نوجوان بولر سے ملتے ہیں تو کوشش ہوتی ہے کہ اپنا تجربہ اسے بتائیں اور جو آتا ہے سکھائیں کیوں کہ جب وہ سیکھ رہے تھے تو ان کو یہ سہولت میسر نہیں تھی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ میں ہمیشہ بہت اچھا تجربہ رہتا ہے،پاکستان آکر ہمیشہ اچھا لگتا ہے کیوں کہ وہ یہی پلے بڑھے ہیں، جو پاکستان میں بڑا ہوا ہو اس کی خواہش تو یہی ہوگی وہ پاکستان کے لیے کھیلے مگر وہ جنوبی افریقا کے شکرگزار ہیں کہ وہا ں انھیں موقع ملا اور ان کا خواب پورا ہوا۔
عمران طاہر کا کہنا تھا اپنے ملک میں بطور اوور سیز پلیئر آکر کھیلنا عجیب تو لگتا ہے مگر اتنی محبت ملتی ہے کہ لگتا نہیں کہ باہر سے آیا ہوا کھلاڑی ہوں، ساتھ ہی ملتان سلطانز کے ڈریسنگ روم میں جو ماحول ہے اس سے لگتا ہے اپنے گھر میں ہی ہوں۔