اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کی سمری مسترد کر دی۔
وزیراعظم ہاؤس کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق عمران خان نے پٹرول11روپے، ڈیزل 14 روپے بڑھانے کی سمری کو عوامی مفاد میں مسترد کردیا۔ آئندہ 15 دن کے لیے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رہیں گی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پوری دنیا میں بڑھتی مہنگائی کی وجہ سے تیل کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں لیکن عوام کو اس مہنگائی سے بچانے کے لئے حکومت ہر ممکن کوشش کرے گی۔ اس وقت حکومت اس بڑھتی قیمت کا بوجھ اپنے اوپر لے گی اور عوام کو آزادی بوجھ سے بچانے کی کوشش کرے گی۔
دوسری طرف ٹویٹر پر وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے لکھا کہ وزیراعظم عمران خان نے کہا دنیا میں بڑھتی مہنگائی کی وجہ سے تیل کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں لیکن پاکستانی عوام کو اس مہنگائی سے بچانے کے لئے حکومت ہر ممکن کوشش کرے گی۔ اس لئے وزیراعظم نے اس سمری کو ڈیفر کردیا۔ اس وقت حکومت اس بڑھتی قیمت کا بوجھ اپنے اوپر لے گی اور عوام کو اس سے بچانے کی کوشش کرے گی۔