لاہور: (ویب ڈیسک) جسٹس عمرعطا بندیال چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے پر2 فروری کو حلف اٹھائیں گے، پی سی او کے تحت حلف اٹھانے سے انکار کرنے والے جسٹس عمر عطا بندیال کئی اہم کیسز میں بینچ کا حصہ رہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے آئین کے آرٹیکل 175 اے کے تحت جسٹس عمر عطا بندیال کی بطور چیف جسٹس آف پاکستان تعیناتی کردی۔ جسٹس عمر عطا بندیال 2 فروری 2022 سے 16 ستمبر 2023 تک چیف جسٹس آف پاکستان رہیں گے۔
جسٹس عمر عطا بندیال 17 ستمبر 1958 کو لاہور میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی اورثانوی تعلیم پاکستان میں حاصل کرنے کے بعد امریکہ کی کولمبیا یونی ورسٹی سے معاشیات میں بیچلر اور کیمبرج یونی ورسٹی برطانیہ سے قانون کی ڈگری لینے کے بعد بیرسٹر بن گئے۔
1983 میں بطور وکیل لاہور میں کام کا آغاز کیا اور چند برس بعد سپریم کورٹ کے وکیل بنے۔ 2004 میں بطور لاہور ہائیکورٹ جج تعیناتی ہوئی۔ 2007 میں پی سی او کے تحت حلف اٹھانے سے انکار کرنے والے ججز میں ان کا نام شامل ہوا۔
2014 میں سپریم کورٹ کے جسٹس تعینات ہوئے تو کئی اہم کیسز میں بینچ کا حصہ رہے۔ عمران خان کو اہل صادق امین ، جہانگیر ترین کو تاحیات نا اہل اور نواز شریف کو پارٹی صدارت سے نا اہل قرار دینے والے بینچ میں شامل رہے۔
جسٹس قاضی فائزعیسی کیخلاف ریفرنس خارج کرنے والے دس رکنی لارجر بینچ اوربرطرف ملازمین کی بحالی کا فیصلہ دینے والے بینچ کے سربراہ رہنے سمیت ڈسکہ الیکشن دھاندلی کیس اور سینیٹ الیکشن سے متعلق صدارتی ریفرنس پر سماعت کرنے والے بینچ کا حصہ رہے۔