بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین میں سرمائی اولمپیکس 2022 کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں چینی صدر، وزیراعظم عمران خان اور وفاقی وزرا نے شرکت کی۔
چین کے دارالحکومت میں سرمائی اولمپکس کی افتتاحی تقریب کو کورونا ایس او پیز کے تحت منعقد کیا گیا ہے، جس میں تمام ممالک کے دستے ماسک پہن کر اسٹیڈیم میں داخل ہوئے۔ اس تقریب میں چینی صدر سمیت دیگر معزز عالمی شخصیات نے شرکت کی۔
وزیراعظم عمران خان کے ساتھ وفاقی وزیر اطلاعات فوادچوہدری وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وفاقی وزیر اسد عمر بھی تقریب میں شریک تھے۔ پاکستانی دستے کی آمد پر وزیراعظم اور وفاقی وزرا نے اُن کا کھڑے ہوکر استقبال کیا اور حوصلہ افزائی بھی کی۔
سرمائی اولمپکس میں 91 ممالک سے تعلق رکھنے والے 2800 سے زائد ایتھلیٹ حصہ لیں گے جن میں 1290 خواتین اور 1581 مرد کھلاڑی ہیں، اس ایونٹ میں 7 مختلف کھیلوں کے 109 مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ پاکستانی ایتھلیٹ محمد کریم الپائن اسکیئنگ کے مقابلے میں شرکت کریں گے۔