پشاور: (ویب ڈیسک) خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں پاکستان سپورٹس فیسٹول 2022 کا باقاعدہ آغاز ہو گیا، کھیلوں میں پانچ سو سے زائد ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔
خیبر پختونخواہ کے ضلع باجوڑ میں پاکستان سپورٹس فیسٹول 2022 کا باقاعدہ آغاز ہو گیا، سپورٹس فیسٹول میں ضلع باجوڑ کی تمام تحصیلوں سے کرکٹ، فٹبال، والی بال اور باسکٹ بال سمیت دیگر اہم کھیلوں کی پانچ سو سے زیادہ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ اس سلسلے میں افتتاحی تقریب باجوڑ میں منعقد ہوئی جس میں سپورٹس فیسٹول میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں، آفیشلز، ضلعی انتظامیہ اور سکیورٹی فورسز کے عہدیداران اور بڑی تعداد میں اہل علاقہ سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے مہمانوں نے شرکت کی۔
تقریب میں سپورٹس فیسٹول میں حصہ لینے والی ٹیموں نے مارچ پاسٹ کیا جبکہ مختلف سکول کے بچوں نے مختلف ٹیبلوز پیش کئے، مقامی گلوکاروں نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔
اس موقع پر آئے ہوئے تماشائیوں نے ضلعی انتظامیہ اور سکیورٹی فورسز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے صحت افزا فیسٹول منعقد کروانے پر وہ ان اداروں کے شکر گزار ہیں، پاکستان سپورٹس فیسٹول مشترکہ طور پر باجوڑ، مہمند اور خیبر میں 23 مارچ تک کھیلا جائے گا۔