اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ دورہ چین تاریخی اور گزشتہ دوروں سے مختلف تھا، چینی قیادت کے ساتھ ملاقاتیں کامیاب رہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت پارٹی رہنماؤں اور ترجمانوں کا اجلاس ہوا، وزیراعظم کے دورہ چین پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وفاقی وزیر اسد عمر اور معاون خصوصی سی پیک خالد منصور نے بریفنگ دی۔ دورہ چین میں ہونے والے معاہدوں سے آگاہ کیا گیا۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ عالمی امور پر پاکستان کے موقف کو پزیرائی مل رہی ہے، یہ دورہ چین تاریخی اور گزشتہ دوروں سے مختلف تھا، چینی قیادت کے ساتھ ملاقاتیں کامیاب رہیں جن کا پاکستان کو فائدہ ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ چین سیاسی اور جغرافیائی امور پر پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے، چین پاکستان کی صنعتی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے جا رہا ہے، چین نے مسئلہ کشمیر اور افغانستان کے معاملہ پرپاکستان کے موقف کی تائید کی۔
عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں کرپٹ ٹولہ ذاتی مفادات کی سیاست میں لگا ہے، دنیا نے اسلامو فوبیا کے معاملہ پر پاکستان کے موقف کی تائید کی۔