لاہور: (ویب ڈیسک) کرکٹ کی معروف شخصیات نے 24سال بعد آسٹریلوی ٹیم کے دورہ پاکستان کو خوش آئند اور اہم پیش رفت قرار دے دیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے پوڈ کاسٹ میں 3سابق کپتانوں وسیم اکرم، ایلن بارڈر اورمائیکل ایتھرٹن نے آسٹریلیوی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کوخوش آئند اوراہم پیشرفت قراردے دیا۔
پاکستان کے سابق کپتان وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کیخلاف دورے میں بیٹنگ میں بابراعظم اورمحمد رضوان اوربولنگ میں شاہین شاہ آفریدی پاکستان کے ہتھیارہوں گے۔
وسیم اکرم کا مزید کہنا تھا کہ آسٹریلیا کیخلاف سیریز ہمارے کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ کرے گی اورپاکستان کرکٹ کے مجموعی منظرنامے پرمثبت اثرات مرتب کرے گی۔آسٹریلیا کا 24 سال بعد پاکستان کا دورہ کرنا پی سی بی کا بڑا کارنامہ ہے۔
آسٹریلیا کے سابق کپتان ایلن بارڈرنے کہا کہ بابراعظم سے بہت متاثرہوں۔ ان کی تکنیک اچھی ہے۔ بابراعظم کی قیادت میں پاکستان کی ٹیم ایک یونٹ بن کرابھررہی ہے۔پاکستان کی ٹیم آسٹریلیا کوشکست دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔
کے مطابق یہ سیریز دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے لئے نام بنانے کا سنہرا موقع ہے۔ آسٹریلوی ٹیم پاکستان کوپاکستان میں ہرا کرتاریخی دورے کویادگاربنا سکتی ہے۔
انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل ایتھرٹن کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کا اپنی بہترین ٹیم پاکستان بھیجنا بڑی خوشخبری ہے۔ماضی میں پاکستان کا اپنی ہوم کرکٹ متحدہ عرب امارات میں کھیلنا لازمی ضرور تھا مگر یہ کوئی پائیدار حل نہیں تھا۔امید ہے کہ اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔