کراچی : (ویب ڈیسک) گورنر سندھ عمران اسماعیل کی زیر صدارت گورنر ہاوس میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین، گورنر سٹیٹ بینک ، عثمان ڈار، محمود مولوی اور خالد منصور سمیت دیگر شریک ہوئے۔
اجلاس میں کراچی، کوٹڑی ،حیدرآباد کی تجارتی و صنعتی ایسوسی ایشنز کے نمائندوں نے بھی شرکت کی، اجلاس میں صنعتکاروں کو ایف بی آر سے متعلق اور صنعتوں کو درپیش دیگرمسائل پر اظہار خیال کیا گیا، اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ حکومت برآمدی شعبے کو ترجیح دے رہی ہے اورہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی، تاجر برادری معیشت میں ریڑھ کی ہڈی اور اہم اسٹیک ہولڈر ہے، وفاقی حکومت تجارتی اور صنعتی ایسوسی ایشنز کے ساتھ مسلسل رابطہ میں ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کا کہنا تھا کہ کاروباری برادری کی سہولت کے لیے قابل عمل پالیسیوں کی تشکیل اولین ترجیحات میں شامل ہے، ایس ایم ای پالیسی کے اہداف کے حصول کے لیے سمیڈا کی بحالی اور مضبوطی ناگزیر ہے،افراد کےاثاثوں اوراس پر واجب الادا ٹیکس کے درست معلومات دینے کے لیے ایک پورٹل بنایا جا رہا ہے،فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور نادرا اس منصوبے پر مل کر کام کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیر خزانہ نے مسائل کے پائیدار حل کے لئے صنعتکاروں کے ساتھ ان کی تجاویز کے ساتھ جلد اسلام آباد میں ایک اور اجلاس کے حوالہ سے یقین دہانی بھی کرائی۔