راولپنڈی: (ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک ایران سرحد پر دہشتگردوں کو پنپنے نہیں دیں گے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق ایران کے وزیر داخلہ احمد وحیدی نے پہلے پاکستانی سرکاری دورے کے دوران آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے جنرل ہیڈ کوارٹرز( جی ایچ کیو) میں ملاقات کی۔
بیان کے مطابق جیو سٹریٹجک ماحول بالخصوص علاقائی سلامتی کی صورتحال،دفاع، سلامتی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ پاک ایران سرحدی سیکیورٹی میکنزم پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاک ایران سرحد امن اور دوستی کی سرحد ہے۔ دونوں برادر ہمسایوں کے درمیان تعاون میں اضافہ امن اور استحکام کے لیے ضروری ہے۔ پاک ایران بارڈر پر شر پسند عناصر کو پنپنے نہیں دیں گے۔
اس موقع پر ایرانی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ مستحکم افغانستان خطے کی مشترکہ ذمہ داری ہے، خطے کے امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششیں قابل تحسین ہیں۔