لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے دوسرے مرحلے میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 24 رنز سے شکست دے دی ہے۔
لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں پی ایس ایل 7 کا دوسرا مرحلہ جاری ہے، ایونٹ کے 22 ویں میچ کے لئے پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے قائد سرفراز احمد کو پہلے فیلڈنگ کی دعوت دی تھی۔
پشاور زلمی کے 186 رنز ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے جیسن روئے اور ول سمیڈ نے اننگز کا آغاز کیا ، تاہم روئے 13 سکور بناکر ہی پویلین لوٹ گئے جبکہ ول سمیڈی ایونٹ کے دوران مسلسل دوسری مرتبہ بدقسمت ثابت ہوئے، صرف 1 رن کے فرق سے اپنی سنچری مکمل نہ کرسکے اور 3 چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 60 گیندوں پر 99 رنز کی اننگز کھیل کر سلمان ارشاد کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے، قبل ازیں پشاور زلمی کے ہی خلاف اوپننگ بیٹر 97 سکور پر پویلین لوٹ گئے تھے۔
جیمز ونس صفر، کپتان سرفراز احمد 25 ، افتخار احمد 10 اور عمر اکمل صرف 1 رن پر وکٹ گنوا بیٹھے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف پشاور زلمی کی جانب سے حضرت اللہ زازائی اور محمد حارث نے اننگز کا آغاز کیا، زازائی 1، محمد حارث 29، لیام لیونگسٹون صفر، شعیب ملک 58،حسین طلعت51، شرفین ردرفورڈ صفر اور بین کٹنگ 36 رنز بناکر پویلین لوٹے جبکہ وہاب ریاض1، عثمان قادر صفر پر ناٹ آؤٹ رہے، نسیم شاہ نے سب سے زیادہ 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، خرم شہزاد، غلام مدثر اور افتخار احمد نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔
پشاور زلمی کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹ کے نقصان پر 185 رنز بناسکی۔
