اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ صوبائی، نسلی اور علاقائی کارڈزغیر مؤثرہو چکے ہیں اور قوم کی شناخت پاکستان ہے۔
پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر مراد سعید نے چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کی پریس کانفرنس پر اپنے ردعمل میں الزام عائد کیا ہے کہ ڈرون حملوں میں دونوں جماعتوں نے پختونوں کے خون کا سودا کیا۔ پریس کانفرنس میں اے این پی کے رہنما ایمل ولی خان بھی موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ خزانے کی لوٹ مار سے دونوں نے 22 کروڑ پاکستانیوں کےحقوق پرڈاکہ ڈالا۔ انہوں نے کہا کہ قوم نے فرزند زرداری کی جماعت اوراس کے حلیفوں سے نجات حاصل کی۔ ان کا کہنا تھا کہ فرزندزرداری کی جماعت کے ہاتھوں سندھ کی حالت سامان عبرت ہے۔
وفاقی وزیر مراد سعید نے کہا کہ کراچی میں پختونوں کا قتل کسی سے پوشیدہ نہیں ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کراچی میں پختونوں کے خون کے لیے باوردی پولیس کواستعمال کیا جاتا ہے۔
پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیرنے کہا کہ سوچا تھا کہ بلاول آج کم از کم پختونوں سے معافی طلب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام بھی اٹھ کھڑے ہوئے ہیں، ان کا یوم نجات قریب ہے۔
انہوں نے کہا کہ قوم واپسی پرنہیں، مستقبل پرنظریں لگائے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں بلاول اور ان کے حلیفوں کے لیے آہ و زاری کے علاوہ کوئی کردار نہیں ہے۔
مراد سعید نے بلاول بھٹو کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں کہا ہے کہ فرزند زرداری نے کراچی میں جرائم کے اضافے پر ایک لفظ تک نہیں بولا۔