کیف: (ویب ڈیسک) روسی وزارت خارجہ کی ہدایت پر یوکرین کے دارالحکومت میں موجود روسی سفارتخانے سے انخلا کا عمل شروع ہوچکا ہے۔
روسی سرکاری میڈیا کے مطابق یوکرین کے دارالحکومت کیف میں روس نے اپنا سفارت خانہ خالی کرنا شروع کردیا ہے۔ اس سے قبل یوکرین نے بھی روس میں موجود اپنے شہریوں کو ملک چھوڑنے کا حکم دیا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق روسی وزارت خارجہ کی جانب سے سفارت خانے کے انخلا کا حکم ایک دن قبل دیا گیا تھا۔ آج کے بعد کیف میں سفارت خانے کی عمارت پر روسی جھنڈا نہیں لہرایا جائے گا۔
دوسری جانب روسی سفارت کاروں کے محفوظ انخلا کیلئے یوکرین کی پولیس نے سفارت خانے کو حصار میں لے لیا ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل یوکرینی حکومت اپنی عوام کو پرامن رہنے کی تلقین کرتی آئی ہے تاہم اب حکام کی تشویش میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ ماسکو کی ’جارحیت‘ روس میں بسنے والے شہریوں کیلئے قونصلر کی خدمات حاصل کرنے میں رکاوٹ بن سکتی ہے۔