تازہ تر ین

جماعت اسلامی کا الیکشن میں بھرپور حصہ لینے کا اعلان، 45فیصد امیدواروں کیلئے مشاورت مکمل کرلی، سراج الحق

لاہور: (ویب ڈیسک) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کا کہنا ہے کہ ان کی پارٹی ملک بھر میں تمام الیکشنز میں بھرپور طریقے سے حصہ لے گی، تمام حلقوں میں قابل، ایماندار اور اہل افراد کو ٹکٹس دیے جائیں گے۔ جماعت اسلامی نے 45فیصد امیدواروں پر حتمی مشاورت مکمل کر لی ہے، بقیہ امیدواروں پر مشاورت کے لیے مرکزی پارلیمانی بورڈ کا اجلاس جلد طلب کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انھوں نےمرکزی مجلس شوریٰ کے منصورہ میں شروع ہونے والے اجلاس سے افتتاحی خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تین روزہ اجلاس کے اختتام پر امیر جماعت اسلامی آئندہ کا لائحہ عمل دیں گے۔ شوریٰ کے اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال، مسئلہ کشمیر و فلسطین، معاشی حالات، اپوزیشن کی تجویز کردہ تحریک عدم اعتماد، جماعت اسلامی کے تنظیمی امور اور آئندہ جنرل اور بلدیاتی الیکشن سے متعلق تیاریوں کے امور زیربحث آئیں گے۔ اجلاس میں مختلف قراردادیں اور جماعت اسلامی کی سالانہ رپورٹس پیش ہوں گی۔ جماعت اسلامی کی قائمہ کمیٹیاں کارکردگی رپورٹس پیش کریں گی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ جماعت اسلامی اپنے جھنڈے، انتخابی منشور اور ترازو کے نشان پر الیکشن میں جائے گی۔ کارکنان بھرپور تیاری کریں اور جماعت اسلامی کا پیغام گھر گھر پہنچائیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک پر جاگیرداروں، وڈیروں اورکرپٹ سرمایہ داروں نے اجارہ داری قائم کر رکھی ہے۔ عوام کو اپنے حقوق کے لیے پرامن جدوجہد کرنا ہو گی۔ ہمیں اپنی آئندہ نسلوں کو پرامن، خوشحال اور اسلامی پاکستان دینا ہے۔ جماعت اسلامی فرد کے ساتھ ساتھ معاشرہ کی اصلاح کے لیے بھرپور محنت کر رہی ہے۔ جماعت اسلامی کے قائدین اور کارکنان امید اور روشنی کا پیغام نوجوان نسل کو پہنچائیں۔ وہ وقت دور نہیں جب ملک میں اسلامی انقلاب کی صبح طلوع ہو گی۔


اہم خبریں





   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain