کراچی : (ویب ڈیسک) صحافی اطہر متین قتل کیس میں جوڈیشل مجسٹریٹ وسطی کی عدالت میں گرفتار ملزم اشرف کی شناخت پریڈ ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق مقدمے کے تین عینی شاہدین نے ملزم کو شناخت کرلیا ہے، پولیس نے شناخت پریڈ میں ملزم کے ہمراہ دس ڈمی ملزمان کو پیش کیا تھا، واقعے کے تینوں عینی شاہدین نے ملزم کو ڈمی ملزمان کے درمیان شناخت کیا۔
پولیس کی گواہان کے مجسٹریٹ کے روبرو بیان کی درخواست عدالت نے نمٹا دی، عدالت کا کہنا ہے کہ شناخت پریڈ ہوجانے کے بعد 164 کے بیانات کی درخواست غیر موثر ہوگئی ہے، تفتیشی افسر نے کہا کہ ملزم اشرف سینیئر صحافی اطہر متین کے قتل میں ملوث ہے، ملزم کا ساتھی انور قمبر شہداد کوٹ میں پولیس مقابلے میں مارا جاچکا ہے جبکہ ملزم نے دوران تفتیش سینکڑوں وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔
یاد رہے دو ہفتے قبل کراچی کے علاقے ناظم آباد میں فائرنگ سے نجی چینل سما کے سینئر پروڈیوسر اطہرمتین جاں بحق ہوگئے تھے، ایس ایس پی سنٹرل رانا معروف عثمان کے مطابق ملزمان شہری کو لوٹ رہے تھے۔ صحافی اطہر متین نے واردات ناکام بنانے کے لیے اپنی گاڑی سے ملزمان کی موٹرسائیکل کوٹکرماری جس سے ملزمان نیچے گرے اورغصے میں اطہرمتین کی کار پرفائرنگ کردی۔