لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے رمضان شوگر ملز ریفرنس میں بریت کی درخواست دائر کر دی ہے۔
لاہور کی احتساب عدالت میں منی لانڈرنگ، آشیانہ اقبال اور رمضان شوگر ملز ریفرنسز پر سماعت ہوئی، حمزہ شہباز عدالت میں پیش ہوئے جبکہ شہباز شریف نے ناساز طبیعت کے باعث حاضری معافی کی درخواست دائر کی جسے عدالت نے منظور کرلیا۔
منی لانڈرنگ ریفرنس میں جرح کے دوران نیب کے تین گواہوں نے بیان دیا کہ انہوں نے جن کمپنیوں کا ریکارڈ نیب کو فراہم کیا وہ قانون کے مطابق تھیں، شہباز شریف اور حمزہ شہباز کبھی ان کمپنیوں کے ڈائریکٹر نہیں رہے اور نہ ہی کوئی فائدہ حاصل کیا۔
رمضان شوگر ملز ریفرنس میں شہبازشریف نے بریت کی درخواست دائر کی جس میں کہا گیا ہے کہ رمضان شوگر ملز ریفرنس سے تعلق ہے نہ ہی کوئی کرپشن کی ہے، عدالت سے استدعا ہے کہ رمضان شوگر ملز ریفرنس سے بری کرنے کا حکم دے۔
عدالت نے نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 11 مارچ کو جواب طلب کر لیا۔
ادھر عدالت نے آشیانہ اقبال ریفرنس میں بھی شہبازشریف سمیت دیگر کے خلاف نیب کے دو گواہوں پر جرح مکمل کر لی، آئندہ سماعت پر مزید تین گواہوں کو طلب کرتے ہوئے کارروائی 11 مارچ تک ملتوی کردی ہے۔