ملتان: (ویب ڈیسک) خواتین پر تشدد کے حوالے سے قانون موجود ہے لیکن عملدرآمد نہیں جس کی وجہ سے جنوبی پنجاب میں خواتین پر تشدد کے واقعات میں اضافے کا سلسلہ تا حال جاری ہے۔
ملتان میں مختلف مقامات پر خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے تقریبات جاری ہیں لیکن اس کے برعکس جنوبی پنجاب میں خواتین پر تشدد کے واقعات کم ہونے کی بجائے مسلسل بڑھ رہے ہیں، جس کی وجہ سے رواں سال ابتک تین خواتین تیزاب گردی کا شکار ہو چکی ہیں جبکہ 11 خواتین کو جھلسانے کے واقعات رونما ہوئے ہیں، جس کے نتیجے میں 7 خواتین زندگی کی بازی ہار گئیں تاہم 9 خواتین کو اغوا کے بعد مبینہ زیادتی کا بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔
سماجی تنظیم کی رہنما نیلو فر بختیار کا موقف ہے کہ خواتین کی اکثریت اپنے حقوق کے حوالے سے آگاہ نہیں جس کی وجہ سے مسائل آ رہے ہیں۔ اسی لیے خواتین کو آگاہی دینے کیلیے کاوشیں شروع کر دی ہیں۔
خاندانی مسائل اور پنچائیتی سسٹم کیساتھ اداروں میں خواتین کیساتھ رویہ بھی متاثرہ خواتین کو انصاف کی فراہمی میں بڑی رکاوٹ بن چکا ہے جس کی وجہ سے خواتین پر تشدد کے واقعات مسلسل بڑھ رہے ہیں۔