لاہور: (ویب ڈیسک) سیاسی منظر نامے پر اہم پیش رفت، پنجاب کے وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک نے علیم خان کے ساتھ چلنے سے انکار کر دیا۔ تین ارکان پنجاب اسمبلی نے رابطے پر علیم خان کو جواب دے دیا۔
ڈاکٹر اختر ملک نے علیم خان کو صاف جواب دیتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں پارٹی نہیں چھوڑ سکتا۔ ڈاکٹراختر ملک اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی آج ملاقات شیڈول ہے۔
ادھر وزیراعلی عثمان بزدار نے عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد ناکام بنانے کیلئے رابطوں کا ٹاسک سونپنے کا فیصلہ کیا ہے، 8 صوبائی وزرا کو مشاورت کیلئے ایوان وزیراعلیٰ طلب کر لیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اسلام آباد سے واپسی پر 8 صوبائی وزرا کو ایوان وزیراعلیٰ طلب کرلیا جن میں راجہ بشارت، محمودالرشید، اسلم اقبال اور یاسمین راشد سمیت دیگر شامل ہیں۔ وزرا کو وزیر اعظم کےخلاف تحریک عدم اعتماد ناکام بنانے کیلئے دیگر ارکان سے رابطوں کا ٹاسک دیا جائے گا۔ اجلاس کے دوران ترین گروپ کی بغاوت کے امور بھی زیر بحث آئیں گے۔
عثمان بزدار کا تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے کہنا تھا کہ اپوزیشن کے پاس نمبر گیم پوری نہیں، انہوں نے عدم اعتماد کا جو گڑھا کھودا ہے وہ خود اس میں گرے گی، وزیراعظم عمران خان عدم اعتماد سے سرخرو ہو کر نکلیں گے، اپوزیشن اکٹھی ہو کر بھی وزیراعظم عمران خان کا مقابلہ نہیں کرسکتی، اقتدار کی ہوس میں اپوزیشن عناصر نے قومی مفادات کو داؤ پر لگایا ہوا ہے۔