اسلام آباد: (ویب ڈیسک) تحریک عدم اعتماد سے پہلے اسپیکر پنجاب اسمبلی و حکومتی اتحادی چوہدری پرویز الہیٰ نے وزیراعظم عمران خان کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے وزیراعظم کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان سو فیصد مشکل میں ہیں،سارے اتحادی اپوزیشن کی طرف ہیں۔
ق لیگ کے پرویز الہی نے اپوزیشن میں ن لیگ ، پیپلز پارٹی اور مولانا کے اتحاد کو پکا اور دیرپا قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب مخالفین ایک شخص کیخلاف ایک ہوتے ہیں تو تلخیاں بھلادیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت میں عقل و دانش اور سمجھداری کا 100 فیصد فقدان نظر آ رہا ہے، وزیراعظم کو بدلہ لینے کا بڑا شوق ہے سب کو نیب میں ڈال دیا، حکمرانی کے یہ طور طریقے نہیں ہوتے.
پرویز الہیٰ نے کہا کہ جب مونس الہٰی نے تقریر کی تو ہمیں نیب سے دھمکیاں آنا شروع ہو گئیں، ناتجربہ کاری بہت ہے، انہیں پہلے سیکھانا چاہئے تھا، نیچے اتریں گے تو سیکھیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو اپنے لوگوں سے خطرہ ہے، ناسمجھداری بہت ہے، انہوں نے سیاست کو کھیل بنا دیا ہے۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ اپوزیشن ٹھیک کہہ رہی ہے ان کے پاس بندے زیادہ ہیں، ابھی سرپرائز بھی آنے ہیں، عمران خان نے بہت دیر کر دی ہے ، شگاف پڑ گیا ہے، اپوزیشن اکٹھی ہو کر ان کے مقابلے پر آ گئی تو یہ روک نہیں سکیں گے۔
پرویز الہیٰ نے کہا کہ اپنی نالائقی کا الزام بیرونی سازش پہ نہ ڈالیں، ہماری حکمت عملی انتظار اور دیکھو ہے، ہم اکیلے کچھ نہیں کر سکتے، آصف علی زرداری اور بی اے پی والوں سے مشورہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ایک ایم این اے سے کہا کہ ان کی مان رہا ہوں تو مار کھا رہا ہوں، ہمیں وزارت اعلی مل جائے تو تحریک انصاف کی کوتاہیاں پوری کر دیں گے۔