اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں ارکان اسمبلی کی خرید و فروخت کی تفصیلات پیش کی گئیں اور سندھ ہاؤس میں سندھ پولیس کے اہلکاروں کی موجودگی پر بھی بریفنگ دی گئی۔
اسلام آباد میں منعقدہ اہم حکومتی اجلاس کی سربراہی وزیراعظم عمران خان نے کی، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سندھ ہاؤس کو ہارس ٹریڈنگ کی آماجگاہ نہیں بننے دیں گے نہ ہی اس غیر قانونی اقدام کی کسی صورت اجازت دی جائے گی، متعلقہ اداروں کو کارروائی کیلئے قانونی پہلوؤں کا جائزہ لینے کی ہدایت جاری کی گئی۔ وزیراعظم نے وفاقی ایجنسیوں کو سندھ ہاؤس کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے کی ہدایت بھی کی جبکہ حکومت کی جانب سے جوابی ایکشن کا فیصلہ کیا گیا۔
قانونی ٹیم نے قومی اسمبلی اجلاس بلانے سے متعلق شرکا کو بریفنگ دی، قومی اسمبلی کا اجلاس 21 مارچ کو بلانے پر اتفاق کیا گیا۔ اجلاس کے شرکا کا کہنا تھا کہ عوام ساتھ ہیں، عدم اعتماد کو ناکام بنائیں گے۔