کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے کہا ہے کہ میرا جسم اور روح پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں، نیوٹرل کوئی چیز نہیں ہوتی اس بات سے اختلاف کرتا ہوں، نیوٹرل جو ہوتا ہے وہی حق کا ساتھ دیتا۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عامر لیاقت نے کہا کہ گورنرسندھ کا آمد پر شکر گزار ہوں، عمران خان نے ہی نیوٹرل امپائرمتعارف کرائے تھے، ووٹ کے حوالے سے ساتھ ہوں یا نہیں فیصلہ وقت پر کروں گا۔
عمران اسماعیل نے کہا کہ عامرلیاقت کے گھر چائے پینے آیا تھا کسی روٹھے کو منانے نہیں، عدم اعتماد، سیاست کے حوالے سے گفتگو ہوئی، عامرلیاقت سے بھائیوں سے بڑھ کر رشتہ ہے، سندھ ہاؤس میں پی ٹی آئی کے اراکین کو خریدنے کی کوشش ہو رہی ہے، عدم اعتماد سے عمران خان کامیاب ہو کر باہر نکلے تو ان کو چھوڑے گا نہیں، شہبازشریف نے تو زرداری کا پیٹ پھاڑنا تھا لیکن آج گلے مل رہے ہیں، یہ چاہتے ہیں کہ کرپشن کے کیسزکو بند کر دیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں سمجھتا ہوں نیوٹرل کچھ نہیں، ایک طرف سچ اور دوسری طرف جھوٹ ہے، ہم نے دیکھنا ہے کون کدھر کھڑا ہوتا ہے، ساڑھے تین سالوں میں عمران خان نے دنیا میں پاکستان کو عزت کو بڑھایا، انٹرنیشنل سازش عمران خان حکومت کے خلاف کی جارہی ہے، اپوزیشن کو سارے پیسے ان کے آقا ان کو دے رہے ہیں، بڑے، بڑے جادوگر سندھ ہاؤس میں سودے کر رہے ہیں، ہماری ایجنسیوں کو ساری چیزوں کا علم ہے۔
گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ سندھ میں خرید و فروخت کا اعتراف، الیکشن کمیشن آنکھیں بند کر کے بیٹھا ہے، بندے بک رہے ہیں، الیکشن کمیشن صرف وزیراعظم کو نوٹس بھیج رہا ہے، پیپلزپارٹی والے بندے خریدنے کا اعتراف کر رہے ہیں، ایم کیو ایم کی ساری جدوجہد پیپلزپارٹی کے خلاف رہی، ایم کیوایم کے ساتھ زبردستی نہیں کرسکتے، پیپلزپارٹی نے جو کچھ ماضی میں کیا وہی پیپلزپارٹی سے کرے گی، مجھے نہیں لگتا کسی بھی آفر پرایم کیوایم بکے گی۔