یوکرین : (ویب ڈیسک) یوکرین میں روسی حملے جاری ہیں، جس کی وجہ سے چوبیس گھنٹوں کے اندر ملک چھوڑنے پر مجبور ہونے والے یوکرینی شہریوں کی تعداد میں ایک لاکھ سے زائد کا اضافہ ہوا ہے۔
اقوام متحدہ کے ادارہ برائے پناہ گزین و مہاجرین کے مطابق 24 فروری سے شروع ہونے والی یوکرین کی جنگ کے دوران اب تک 3,169,897 یوکرینی شہری ملک چھوڑنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تین ملین سے زیادہ لوگ ملک سے فرار ہو چُکے ہیں، جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے اور عمر رسیدہ یا بوڑھے لوگ ہیں جنہوں نے اپنے گھروں اور اکثر اپنے خاندان کے افراد کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ 20 لاکھ سے زیادہ باشندے اپنے گھر بار چھوڑ کر یوکرین کی سرحدوں کے اندر پھنسے ہوئے ہیں۔
العربیہ میں شائع رپورٹ کے مطابق یو این ایچ سی آر نے یوکرینی باشندوں کی بطور پناہ گزین مختلف ممالک میں آمد کی تفصیلات کچھ یوں بتائیں: یوکرین سے نکلنے والے ہر 10 میں سے چھ پناہ کے متلاشی یوکرینی سرحد پار کر کے پولینڈ پہنچ چُکے ہیں۔
اب تک ان کی تعداد قریب 1,916,445بتائی گئی ہے۔ پولش سرحدی محافظوں کے مطابق وہاں پہنچنے والے یرکرینی باشندوں کی تعداد منگل کے مقابلے میں بُدھ کو 11 فیصد کم دیکھنے میں آئی۔