اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ سپیکر قومی اسمبلی نے عمران نیازی کے ساتھ مل کر سازش کی،سپیکر کو تحریک عدم اعتماد جمع ہونے کے بعد 14 دن میں اجلاس بلانا چاہیے تھا۔
قومی اسمبلی اجلاس ملتوی ہونے کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر ن لیگ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سپیکر قومی اسمبلی نے پی ٹی آئی ورکر کا کردار ادا کیا، وہ آرٹیکل 6 کے مرتکب ہوئے۔ اجلاس کے دوران پوائنٹ آف آرڈر پر کھڑا ہوا لیکن سپیکر نے میرا مائیک نہیں کھولا، پارلیمانی روایات اپنی جگہ، عدم اعتماد پر کارروائی کرنی چاہیے تھی۔
انہوں نے کہا کہ بکرے کی ماں کب تک خیرمنائےگی، انہیں خوش ہونےدیں۔ سپیکر نے پارلیمانی روایات کی دھجیاں اڑائی ہیں، بلاول صاحب سلیکٹڈ پر یقین نہیں رکھتے۔
واضح رہے کہ آج قومی اسمبلی اجلاس میں اپوزیشن کی جانب سے وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی جانی تھی تاہم سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے مرحوم اراکین اسمبلی کیلئے دعائے مغفرت کے بعد اجلاس کی کارروائی پیر کی شام تک ملتوی کی دی۔