وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ پارلیمنٹ سے بالا تر نہیں ہے، ملک میں مارشل لا لگا تو ذمہ دار وہ لوگ ہوں گےجنہوں نے ضمیر خریدے۔
صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ ابھی بہت سی تقاریر باقی ہیں، ابھی 20، 20 اوور کا میچ ہونا ہے، کپتان نظر نہیں آتا لیکن وہ پچ پر ہی ہوتا ہے۔ ایک صحافی نے سوال کیا کہ وفاقی کابینہ کا اجلاس کیوں بلایا گیا ہے؟ اس پر انہوں نے کہا کہ ابھی ایوان سے نکلا ہوں، دیکھتے ہیں۔
ایک اور صحافی نے پوچھا کہ اگر ملک میں مارشل لا لگاتو ذمہ دار کون ہوگا؟ اس پر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ جنہوں نے لوگ اور ضمیر خریدے وہ ذمہ دار ہوں گے، پوری اپوزیشن آئین شکن ہے، سپریم کورٹ پارلیمنٹ سے بالا تر نہیں ہے، اگر ہم آج یہ اصول مان لیں تو جمہوریت ختم ہوجائے گی۔