برلن: (ویب ڈیسک) جرمن فٹبال لیگ (بنڈس لیگا) کے دوران ایک حیرت انگیز لمحہ دیکھنے میں آیا جب ریفری نے مسلمان فٹبالر موسیٰ نیاختے کو میچ رکوا کر روزہ افطار کرنے کی اجازت دیدی۔
بدھ کے بنڈس لیگا میں آگسبرگ اور مینزکے درمیان کھیلے جارہے میچ کے دوران ریفری نے مسلمان فٹبالر موسیٰ نیاختے کو مختصر دورانیے کے لیے روزہ افطار کرنے کی اجازت دی۔
یہ واقعہ میچ کے 64 ویں منٹ کے قریب پیش آیا، ریفری کے حسن سلوک کو شائقین کی جانب سے خوب سراہا جارہا ہے جبکہ ریفری کے اس فیصلے کی ویڈیو کو 99000سے زیادہ لائکس اور 16,000 ری ٹویٹس ملے ہیں۔
دوسری جانب جرمن ریفری کمیٹی کے ڈائریکٹر جنرل کمیونیکیشن لٹز مائیکل فرہلیچ نے ریمارکس دیے کہ ریفریز کو کھیل کے وسط میں کھیل روکنے کے حوالے سے کوئی عمومی ہدایات نہیں دی گئی ہیں۔
کمیٹی کا کہنا ہے کہ یہ ریفری کی انفرادی ذمہ داری ہے اگر وہ کھلاڑیوں کو روزہ افطار کرنے کے لیے ایک چھوٹا وقفہ لینا چاہتے ہیں۔