لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب اسمبلی میں ڈپٹی سپیکر دوست مزاری پر حکومتی ارکان نے حملہ کر دیا، اراکین نے تھپڑوں کی بارش کر دی۔ حکومتی ارکان کی جانب سے ڈپٹی سپیکر پر لوٹے پھینکے گئے۔
حکومتی ارکان نے ڈپٹی اسپیکر کی نشست کا گھیراؤ کرلیا۔- ڈپٹی اسپیکر دوست مزاری پر حکومتی ارکان نے حملہ کر کے بال نوچ لئے۔ سکیورٹی اہلکار ڈپٹی اسپیکر کو ایوان سے باہر لے گئے۔
قبل ازیں ڈپٹی سپیکر دوست مزاری کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ تمام دوستوں سے تعاون کی اپیل ہے، اسمبلی رولز کے مطابق الیکشن کراؤں گا، عدالت کا فیصلہ ہے وزیراعلیٰ کا انتخاب شفاف ہونا چاہیئے، کوئی سمجھتا ہے ماحول خراب کرے گا تو پریشر لوں گا نہیں پریشر دوں گا، آج انتخاب صاف اورشفاف ہوگا، کل آئی جی سے ملاقات ہوئی، سکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
خیال رہے پنجاب اسمبلی کے ایوان میں وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کیلئے اوپن ووٹنگ سے فیصلہ ہوگا۔ پنجاب اسمبلی میں پی ٹی آئی کے 183، ق لیگ کے 10 ارکان ہیں۔ ن لیگ کے 165 اور پیپلزپارٹی کے 7 ارکان ہیں۔ راہ حق پارٹی کا ایک اور 4 آزاد ارکان ہیں۔ کامیاب امیدوار کو کم از کم 186 ووٹ حاصل کرنا ہوں گے۔