اسلام آباد : (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما مفتاح اسماعیل نے سابق وزیراعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پٹرول کی قیمت منجمد کرنا عمران خان کا تباہ کن فیصلہ تھا۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے سابق مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ عمران خان نے سی پیک روکا، آئین کو پامال کیا، بزدارمقرر کیا، مودی کی جیت کی خواہش کی۔
مفتاح اسماعیل نے مزید کہا کہ سابق حکومت میں رانا ثنااللہ کی گاڑی میں منشیات ڈالی گئی، ڈسکہ الیکشن میں پولنگ عملےاہلکاروں کو اغوا کیا اور ضبط شدہ رقم ملک ریاض کو واپس کردی۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ فروری میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 10 روپے فی لیٹر اور بجلی کی قیمتوں میں 5 روپے فی یونٹ کمی کا اعلان کیا تھا۔
اس وقت قوم سے اپنے خطاب میں عمران خان نے کہا تھا کہ پٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں آئندہ بجٹ تک اضافہ نہیں کیا جائیگا۔