پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) آج کراچی میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کرے گی، باغ جناح گراؤنڈ میں جلسے کی تیاریاں مکمل، عمران خان اور دیگر قائدین خطاب کریں گے جبکہ انتظامیہ نے جلسہ رات بارہ بجے تک ختم کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
حکومت سے جانے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے جلسوں کا سلسلہ جاری ہے، پشاور کے بعد شہر قائد میں میدان لگ گیا ہے۔
اس حوالے سے پی ٹی آئی کراچی کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر تصاویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن دیا گیا کہ مزارِ قائد کے سائے تلے بانیانِ پاکستان کی اولادیں آج پھر ایک بار انگریزوں کی غلامی سے نجات حاصل کرنے کے لیے عمران خان کی قیادت میں اس تاریخی جدوجہد کا حصہ ہیں۔
خیال رہے کہ عمران خان کے خلاف قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگئی تھی جس کے بعد ان کی وزارت عظمیٰ کا دور اپنے اختتام کو پہنچا اور ان کے بعد پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف پاکستان کے نئے وزیراعظم منتخب ہوگئے۔