نئی دہلی / بیجنگ: (ویب ڈیسک) سرحدی کشیدگی کے باعث چین اور بھارت کے درمیان دوریاں بڑھتی جا رہی ہیں اور دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے شہریوں کے طویل المدتی ویزے فوری طور پر معطل کردیئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارت نے چین سے آنے والے سیاحوں کے ویزے معطل کر دیئے۔ بھارت نے یہ اقدام چین کی جانب سے بھارتی طلبا کے ویزے معطل کرنے کے بعد اُٹھایا ہے۔
بھارتی اقدام کی تصدیق انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے بھی کی ہے۔ بھارت کی جانب سے سیاحوں کے وہ ویزے بھی معطل کیے گئے ہیں جن کی میعاد دس سال تک تھی۔
قبل ازیں چین نے اُن بھارتی طلبا کے ویزے معطل کردیئے تھے جو چین میں کورونا سامنے آنے کے بعد اپنے ملک چلے گئے تھے اور وہ گھر سے ہی آن لائن کلاسیں لے رہے تھے۔
چین کا مؤقف تھا کہ یہ طلبا دو سال بعد بھی واپس نہیں آئے جب کہ کورونا پابندیاں بھی نرم کردی گئی تھیں۔ ایسے طلبا کی تعداد ہزاروں میں ہے۔
بھارت اور چین کے درمیان تلخی میں اضافہ اگست 2019 میں بھارت کی جانب سے لداخ کے ان علاقوں کو بھی وفاقی اکائی میں شامل کرنے کے بعد ہوا جس پر چین ملکیت کا دعویٰ رکھتا ہے۔