اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ترک صدر طیب اردوان اور وزیراعظم شہباز شریف میں ملاقات متوقع ہے، طیب اردوان نے شہباز شریف کو ملاقات کا پیغام بھجوایا تھا۔
ذرائع کے مطابق صدر رجب طیب اردوان نے وزیراعظم شہبازشریف کو بھجوائے گئے پیغام میں کہا ہے کہ آپ سے ملاقات کا خواہش مند ہوں۔ وزیر اعظم شہباز شریف گزشتہ روز سعودی ولی عہد کی دعوت پر مدینہ منورہ پہنچے تھے۔ مدینہ منورہ پہنچنے پر گورنر مدینہ فیصل بن سلمان آل سعود نے اعلیٰ سعودی حکام کے ہمراہ ہوائی اڈے پر ان کا استقبال کیا۔
شہباز شریف اورگورنر مدینہ کے مابین ملاقات بھی ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہباز شریف نے مسجد نبوی میں روضہ رسول ﷺ پر حاضری دی اور نماز مغرب بھی ادا کی۔