کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل اسد عمر نے کہا ہے کہ پوری قوم حقیقی آزادی کے لیے عمران خان کے ساتھ کھڑی ہو گئی ہے۔
انہوں نے یہ بات چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی ہدایت پر نکالی جانے ولای ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل، آفتاب جہانگیر اور خرم شیر زمان سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کی ہدایت پر کراچی، اسلام آباد اور لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں رہنما اور کارکنان پاکستان اور پارٹی کے جھنڈے اٹھا کر ریلیاں نکال رہے ہیں۔
شرکائے ریلی کی جانب سے اس موقع پر حکومت مخالف نعرے بازی کی جا رہی ہے اور پارٹی کے حق میں فلک شگاف نعرے بازی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے شرکائے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک ویڈیو سامنے آئی جس میں کہا جارہا ہے کہ کون سے فیصلے کرنے ہیں؟ عمران خان تمام فیصلے پاکستان کی بہتری کو دیکھ کر کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ غلامی نامنظور، آزادی کی زندگی گزاریں گے، سر اٹھا کر زندگی گزاریں گے اور کسی کی غلامی نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان صرف اللہ سے ڈرتا ہے۔
اسد عمر نے کہا کہ پاکستان کے پاس سچا اور ایماندار لیڈر عمران خان کی شکل میں موجود ہے، اپنے جائز حق کو منوانے کے لیے عوام سڑکوں پر ہیں۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے دعویٰ کیا کہ 31 مئی سے پہلے جعلی حکومت کا دھڑن تختہ ہوگا، تحریر اسکوائر سے زیادہ لوگ اسلام آباد میں جمع کر کے دکھائیں گے، 20 لاکھ لوگ اسلام آباد پہنچیں گے۔
